داعش نے 10 ڈاکٹروں سمیت 45 افراد کے سر قلم کر دیئے

بغداد (ویب ڈیسک) داعش نے عراق میں 10 ڈاکٹروں سمیت 45 افراد کو قتل کر دیا۔ مقامی اخبار روزنامہ نوائے وقت کے مطابق داعش کے شدت پسندوں نے عراق کے صوبہ رمادی میں ابو خراج قبیلے کے 35 افراد کے سر قلم کر دیئے۔ جبکہ موصل میں 10 ڈاکٹروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ داعش کی جانب سے ماضی میں بھی اس طرح کی بربریت کی کئی مثالیں سامنے آچکی ہیں جس میں خواتین اور مظلوم افراد کو قتل کیا گیا۔
امریکا میں داعش کا خودکش بمبار گرفتار: امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ انہوں نے داعش کے حامی خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقامی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق ملزم کنساس میں امریکی فوجی اڈے پر خود کش حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم جوہن بوکر پر بم دھماکے کے زریعے وسیع پیمانے پر تباہی کے لئے ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے، ملزم پر داعش کی مٹیریل سپورٹ کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ کنساس میں امریکی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایف بی آئی نے ملزم کو مین ہٹن سے اسٹنگ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیا۔