گلوکار مہدی حسن کی بہو کے گھر چوری کا ملزم درخواست ضمانت خارج ہونے پرسیشن کورٹ سے فرار

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج سہیل شفیق نے ممتاز گلو کار مہدی حسن (مرحوم)کی بہو عائمہ عاف کے گھر سے ایوارڈز چوری کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کاشف محمود کی جانب سے دائر درخواست ضمانت خارج کردی۔ ملزم پولیس کی موجودگی میں احاطہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔استغاثہ کے مطابق ملزمان کاشف محمود اورعاصم کمبوہ وغیرہ کے خلاف ممتاز گلوکار مہدی حسن (مرحوم )کی بہو کے گھر سے ایوارڈ ز چوری کرنے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے ۔ گزشتہ روز ملزم کاشف محمود نے اپنے وکیل طلال ڈار کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے اس کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کررکھا ہے لہذا عدالت ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ صفدر شاہین پیرزادہ نے پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ مذکورہ ملزم اس کے دیگر ساتھی ایوارڈز چوری کرنے میں ملوث ہیں ،عدالت نے وکلاءوفریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کاشف محمود کی درخواست ضمانت خارج کردی جس کے بعد ملزم احاطہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔