ریڈیو پاکستان کے کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کی نوکریاں خطرے میں
لاہور (فلم رپورٹر) ریڈیو پاکستان کے کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کے سرپر معاشی قتل کی تلوار لٹکنے لگی ، ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ پر کام کرنے والے کمپےئر کی ڈیوٹی بغیر کسی آرڈر کے 26دن سے کم کرکے 10دن کردی گئی اور 21 دن ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے کمپےئر کی ڈیوٹی بھی کم کر کے 10دن کرد ی گئی جبکہ متعدد کنٹریکٹ کے ملازمین کوکئی ماہ سے ان کے معاوضے بھی ادا نہیں کئے گئے ۔ ریڈیو پاکستان میں کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے کمپےئر کا معاشی قتل کیا جارہا ہے موجودہ مہنگائی کے حالات میں پہلے ہی دو وقت کی روٹی مشکل سے میسر آرہی ہے اور اب بغیر کسی آرڈر کے کمپےئر کی ڈیوٹیاں اور معاوضے کم کرنے سے نوبت فاقوں تک آگئی ہے ۔ ریڈیو ہیڈ کوارٹر کی جانب سے کمپےئر کا معاوضہ سات سو پچیس روپے ڈیلی مقرر ہے مگر بعض سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے کمپےئر اور اناؤنسرز کو 30،30ہزار روپے معاوضہ دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریڈیو پاکستان فیصل آباد میں تعینات تمام کنٹریکٹ کمپےئر کے معاوضے 30ہزار روپے ہیں جبکہ ریڈیو پاکستان لاہور کے ملازمین کیساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اپنا یا جارہا ہے ۔فیصل آباد کی طرح ریڈیو پاکستان لاہور کے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے کمپےئر اوراناؤنسر کا معاوضہ برابری کی سطح پر 30ہزار روپے کیا جائے ۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور وزیرمملکت اطلاعات و نشریات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین معاملے پر نوٹس لیں اور ملازمین کے کئی ماہ سے روکے ہوئے چیک جاری کروانے کے ساتھ کمپےئر اوراناؤنسر کے معاوضے میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ بھی مہنگائی کے دور کا کسی حد تک مقابلہ کرسکیں ۔