شام میں کیمیا ئی حملہ روسی ناکامی کے سبب ہوا : امریکی وزیر خارجہ

شام میں کیمیا ئی حملہ روسی ناکامی کے سبب ہوا : امریکی وزیر خارجہ

  

واشنگٹن(آن لائن)امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹیلرسن نے روس پر تنقید کرتے ہو ئے کہا ہے کہ وہ شام میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں شامی حکومت کو کیمیائی حملہ کرنے سے باز رکھنے میں ناکام رہا ہے۔ سی بی ایس کے پروگرام فیس دی نیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ا مر یکی وزیر خا رجہ نے کہا کہ روس نے اس پر رضامندی کا اظہار کیا تھا کہ وہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیروں کو تباہ کرنے کو یقینی بنائے گا تاکہ وہ حملے نہ کریں۔ریکس ٹیلرسن نے یہ بات ایک ایسے وقت کی ہے جب اٹلی میں جی۔7 ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہونے والی ہے۔ اس اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ روس کو شامی حکومت سے دور کرنے کے لیے دباؤ کیسے ڈالا جائے۔اس اجلاس کے بعد امریکی وزیر خارجہ ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے ہم منصب سرگئی لاوروو سے ملاقات کریں گے۔ادھر شام نے کسی بھی کیمیائی ہتھیار کے استعمال سے انکار کیا ہے اور روس نے کہا ہے کہ امریکہ کے پاس کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔روس شامی حکومت کا اہم اتحادی ہے اور اس نے سنہ 2013 میں شام کے کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے کے معاہدے میں مدد کی تھی۔ ٹیلرسن نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اس مبینہ حملے میں روس بھی حصہ دار تھا۔تاہم انھوں نے کہا کہ 'روس اس سازش میں شامل تھا یا وہ صرف نااہل تھا یا اسے دھوکہ دیا گیا شامی حکومت کی طرف سے، وہ بین الاقوامی برادری سے کیے جانے والے اپنے وعدے میں ناکام ہو گیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس نے شامی ہتھیاروں کے ذخیرے کو تلف کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی اور اس میں اس کی ناکامی کی وجہ سے زیادہ بچے اور معصوم لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -