رواں مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری کا ہدفحاصل کر لیا : سرمایہ کاری بورڈ
اسلام آباد(آن لائن) رواں مالی سال 2016۔17ء کے پہلے نو ماہ کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے اور اس دوران 1.3 ارب ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جاری مالی سال کیلئے ایف ڈی آئی کا ہدف 2.7 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے جبکہ مالی سال کے پہلے نو ماہ کیلئے ایف ڈی آئی کا ہدف 1.3 ارب ڈالر مقرر کیا گیا تھا جو حاصل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی آئی میں اضافہ کیلئے سرمایہ کاری بورڈ نے ملک کے مختلف شہروں میں مخصوص اقتصادی زونز قائم کئے ہیں جہاں پر مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے جس سے سرمایہ کاروں کی سہولیات اور اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو مشینری اور آلات کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ جبکہ دس سال کیلئے ٹیکس سے استثنٰی بھی دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔