سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کی مانیٹرنگ کا جامع پلان تیار
لاہور(حافظ عمران انور ) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کی مانیٹرنگ کیلئے پلان تیار کر لیا ،حاضری میں گڑ بڑ کرنے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔محکمہ کی طرف سے صوبہ بھر کی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ایس او پیز جاری کر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر غلط حاضریوں کی رپورٹ جمع کروانے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں محکمہ نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کی مانیٹرنگ کیلئے جامع پلان تیارکر لیا ۔ذرائع کے مطابق حاضری میں گڑ بڑ کرنے والے اور طلبہ کی حاضری کے حوالے سے محکمہ کو غلط اعداد و شمارارسال کرنے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو سکول کے آغاز سے تیس منٹ بعد اور چھٹی سے تیس منٹ قبل حاضری رجسٹر چیک کریں گی۔ علاوہ ازیں غیرحاضر اساتذہ اور انرولمنٹ کے مطابق طلباء کی حاضری نہ ہونے پر سکول سربراہان کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔مانیٹرنگ ٹیمیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو حاضری سے متعلق آن لائن رپورٹ پندرہ منٹ میں پہنچا نے کی پابند ہوں گی ۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے مانیٹرنگ کیلئے ٹیموں کو بذریعہ میسج ایس او پی جاری کردیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن لاہور طارق رفیق نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کی حاضریوں میں شفافیت لانے کے لئے محکمہ کی طرف سے جو بھی ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں ان پر من و عن عمل کیا جائے گا۔اس ضمن میں اگر کسی سکول میں اساتذہ کی طرف سے حاضریوں میں ردو بدل کیا گیا تو واہاں کے سکول سربراہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی