44سال کے بعد بھی آئین پر اسکی مکمل شقوں کے ساتھ عملدرآمدنہ ہو سکا ،محمود الرشید

44سال کے بعد بھی آئین پر اسکی مکمل شقوں کے ساتھ عملدرآمدنہ ہو سکا ،محمود ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ بلاشبہ ملک وقوم کیلئے متفقہ آئین کسی نعمت سے کم نہیں،44سال قبل عوام کی منتخب کردہ جمہوری قیادت نے قوم کو ایک مکمل اور جامع دستور دیا جو ملکی پارلیمانی تاریخ کا بڑا کارنامہ ہے، لیکن تکلیف دہ بات یہ ہے44سال کے بعد بھی موجودہ آئین پر اسکی مکمل شقوں کے ساتھ عملدرآمد ہو سکا اور نہ ہی اس آئین کے تحت عوام کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کئے جا سکے۔ مختلف ادوار میں آمر اور جمہوری طاقتیں اپنے مخصوص اور ذاتی ایجنڈے کے تحت آئین میں ترامیم تو کرتے رہے جسے وہ اپنا جمہوری حق سمجھتے ہیں لیکن عوام کو اسکا خاطر خواہ فائدہ نہیں ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم دستور پرپنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی آئین کو اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کرائیں اور اسکے تمرات عوام تک پہنچانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ آئینی احترام سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ بات ہے کہ حکمران خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف برسراقتدار آکر آئین کو اسکی روح کے مطابق عملدآمد کرانے کے ساتھ ساتھ عوام تک اسکے تمرات پہنچائے گی اور ملکی آئین کے تابع رہتے ہوئے حق حکمرانی ادا کریگی۔