صحارا کے ریگستان سے ملنے والاچاند کا ٹکڑا برائے فروخت
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمارے ہاں چاند کا ٹکڑا بطور محاورہ استعمال ہوتا ہے لیکن حقیقت میں ایک چاند کا ٹکڑا اب نیلام کے لیے پیش کیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ اس کی قیمت 60 ہزار پونڈ تک جاپہنچے گی جو پاکستانی روپوں میں 77 لاکھ 80 ہزار روپے ہے۔چاند کا یہ ٹکڑا صرف ساڑھے چار انچ (11 سینٹی میٹر) لمبا اور پونے پانچ انچ چوڑا (12 سینٹی میٹر) چوڑا ہے۔ یہ دنیا کے مشہور ریگستان صحارا سے ملا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ٹکڑا چاند پر شہابِ ثاقب ٹکرانے سے الگ ہوا تھا اور خلا میں بھٹک گیا لیکن پھر زمین کے مدار میں رہا اور لاکھوں کروڑوں سال وہاں رہنے کے بعد ریگستان میں جاگرا۔ اس کے کنارے نوکدار ہیں اور یہ 2014 میں مراکش سے دریافت ہوا تھا۔سائنسدانوں نے اپالو مشن میں زمین پر لائے جانے والے چاند کے پتھروں سے اس کا موازنہ کیا ہے۔ انہیں قمری شہابیہ (لونر میٹیورائٹس) کہا جاتا ہے اور یہ بہت ہی نایاب ہوتے ہیں کیونکہ ان کی0.1 فیصد مقدار ہی زمین تک آپہنچتی ہے۔