پولیس سے رابطہ ایک بٹن پر ، لوکل آئی سسٹم چالو

پولیس سے رابطہ ایک بٹن پر ، لوکل آئی سسٹم چالو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لوکل آئی سوفٹ ویئر پولیس اور عوام کے درمیان مزید مضبوط رابطہ کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو گا۔ لاہور پولیس کے اس اقدام نے نہ صرف لارڈ میئر سے لے کر جنرل کونسلر تک کو گھر بیٹھے بااختیار بنا کر قومی دھارے میں لانے کی کامیاب کوشش کی ہے بلکہ اس سوفٹ ویئر کے ذریعے عام آدمی کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے۔ یہ واحد سوفٹ ویئر ہے جس سے پولیس عوامی نمائندوں سے مل کر عوام کو انصاف دینے کی اعلیٰ مثال قائم کریگی۔ اب یہ سوفٹ ویئر نیشنل ایکشن پلان کو گلی محلوں کی سطح پر مزید فعال کرنے کے ساتھ سے عام آدمی کی بات باب اختیار تک پہنچائے گا۔ تمام عوامی نمائندوں کو اس سوفٹ ویئر کا حصہ بنایا گیا ہے جن کی تمام تر معلومات کو اس میں محفوظ کیا گیا ہے ۔جب کوئی عوامی نمائندہ ہم سے کوئی معلومات شیئر کرے گا تو فوری یہ سوفٹ ویئر نہ صرف رسپانڈ کرے گا بلکہ مسئلہ پولیس افسران کے علم میں فوری لایا جائیگا۔ اس سوفٹ ویئر پر آنے والی ہر شکایت کے یقینی حل کے لیے ہر 24گھنٹے بعد آڈٹ ہو گا۔ یہ مرکزی آپس روم ہے جہاں لاہور کے آپریشن اور انویسٹی گیشن ونگ کے تمام آپس رومز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے گا۔اگر کوئی عوامی نمائندہ کسی مسئلہ کے حل کے لیے کسی پولیس آفیسر سے رابطہ یا ملاقات کرنا چاہے گا تو وہ اس پر بنے بٹن کے کلک کی دوری پر ہو گا۔ ہم نے سوفٹ ویئر میں پولیس اور عوام کے رابطہ کو مزید فعال اور آسان بنایا ہے اگر کوئی شہری اپنے گلی محلے میں موجود کوئی غیر معمولی سرگرمی بارے آگاہ کرنا چاہے گا تو اس کانام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے معلومات متعلقہ آفیسر تک پہنچا دی جائے گی۔ اس سوفٹ ویئر کے ذریعے یا اوپس روم میں جس شعبہ سے متعلق بھی شکایت آئیگی اس کو فوری طور پر متعلقہ شعبہ کے حکام تک پہنچا کر اس کا ازالہ کروایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں نیا بننے والا مرکزی اوپس روم اور لوکل آئی سوفٹ ویئر کو باقاعدہ آپریشنل کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سیکورٹی ڈاکٹر معین، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشرمیکن ، تمام آپریشن و انویسٹی گیشن ونگ کے ایس پیز ، موبی لنک کے نمائندوں اور سوفٹ وئیر انجینئر زکے علاوہ صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے سوفٹ ویئر کے خدوخال بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سوفٹ وئیر میں پانچ بٹنز رسائی ، کمپلنٹ ، انفارمشین ، کرایہ داری رجسٹریشن اور مصالحاتی انجمن کے نام سے بنائے گئے ہیں جن کے ذریعے عوامی نمائندے بغیر کسی مشکل کسی بھی عوامی مسئلہ کو پولیس حکام تک منٹوں میں پہنچا سکتے ہیں۔ رسائی کا بٹن دبا کر کسی بھی پولیس آفیسر سے رابطہ یا ملاقات، کمپلینٹ کے ذریعے کسی بھی شکایت کا اندراج، انفارمیشن کا بٹن دبا کر گلی محلوں میں کسی بھی قسم کی حساس معلومات، کرایہ داری کا اندراج اور مصالحتی انجمن کا بٹن دبا کر کسی بھی سنگین مسئلہ کومصالحتی انجمن یا پنچائیت کے ذریعے حل کیا جا سکے گا۔سسٹم شکایت کرنے والے سائل کی لوکیشن بھی ڈھونڈ کر خود رابطہ کر لیتا ہے۔

مزید :

علاقائی -