پیپلز پارٹی میں جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات کی شمولیت کاامکان

پیپلز پارٹی میں جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات کی شمولیت کاامکان

  

لاہور(شہزاد ملک سے ) چےئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی جانب سے آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے بارے میں بریف کیا اور ان ناموں کی چئیرمین سے منظوری بھی لی اورچےئر مین سے کہا کہ آپ کی منظوری کے بعد ان کی آپ سے باقاعدہ ملاقات کرواکر پریس کانفرنسوں کے ذریعے ان کی پارٹی میں شمولیت کروائی جائے گی جس پر چےئرمین نے مخدوم احمد محمود اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے بارے میں تفصیل کے ساتھ بریف کیا جو مختلف سیاسی جماعتوں سے کسی بھی وجہ سے ناراض ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں اور ایسے اہم سیاسی گھرانے جو آزاد الیکشن لڑتے ہیں اور کسی بھی پارٹی میں شامل نہیں ہوئے ہیں اور بعض ایسے سیاسی گروپ جن کا مقامی سطح کی سیاست میں بڑا عمل دخل سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے چےئرمین سے کہا کہ اگر آپ ان کے ناموں کی منظوری دیں گے تو ان راہنماؤں کو یہاں مدعو کرکے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے اعلانات کروائے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جب جنوبی پنجاب کی تنظیم کے بارے میں چےئرمین کو بریف کیا گیا اور ان کے ناموں کے بارے میں بتایاگیا تو انہوں نے کچھ ناموں کی منظوری بھی دیدی ہے اور تنظیم سے کہا ہے کہ وہ کھل کر کام کرے،میں آپ کے ساتھ ہوں اور مجھے جہاں بھی بلایا جائے گا وہاں آؤں گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر مخدوم احمد محمود نے چےئرمین بلاول بھٹو سے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کی مضبوطی ان کی مضبوطی ہے اسی لئے دوسرے اہم راہنماؤں کو بھی یہاں لیکر آ رہا ہوں تاکہ پارٹی جنوبی پنجاب میں مزید مضبوط اور فعال ہو سکے۔

شمولیت کاامکان

مزید :

صفحہ آخر -