کلرکوں کی تنظیم ایپکا کا13 اپریل کو پنجاب بھر میں احتجاج کا اعلان

کلرکوں کی تنظیم ایپکا کا13 اپریل کو پنجاب بھر میں احتجاج کا اعلان

  

لاہور(خبرنگار) کلرکوں کی تنظیم ایپکا نے ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا ہے اور 13 اپریل کو لاہور میں سیون کلب روڈ جبکہ باقی اضلاع میں ڈی سی اور کمشنروں کے دفاترکے گھیراؤ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلانات ایپکا کے صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد چودھری نے گزشتہ روز صوبائی و ریجنل رہنماؤں لالہ محمد اسلم، ابوھریرہ چودھری، فضل داد گجر اور یونس بھٹی کے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کئے ہیں۔صدر ایپکا پنجاب نے کہا کہ 9 مئی 2016ء کو پنجاب اسمبلی چوک میں ایپکا کے پلیٹ فارم سے احتجاج کیا گیا اور دھرنا دیا گیاجس کے نتیجہ میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری نے ایپکا قائدین سے کامیاب مذاکرات کیے اور دھرنا ختم کر دیا گیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ایک کمیٹی زیر سربراہی سیکرٹری فنانس ایک کمیٹی تشکیل دے دی ۔ کمیٹی کی سفارشات پر ایپکا کے مطالبات کی مثبت سمری شمائل احمد خواجہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے چیف سیکرٹری کو برائے منظوری بھجوائی جو چیف سیکرٹری آفس میں التواء کی شکار ہے۔اس سلسلہ میں چیف سیکرٹری کیپٹن زاہد سعیدسے متعدد بار درخواست کی گئی کہ ایپکا کے ساتھ میٹنگ کے لئے وقت دیا جائے مگر کوئی جواب موصول نہ ہوا ہے جس پر مجبوراً احتجاجی تحریک چلائی جا رہی ہے اور حکومتی بے حسی کے خلاف 13 اپریل کو پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ملازمین ڈی سی آفسزکے باہراحتجاج کر یں گے جبکہ لاہور میں محکمہ زراعت ڈیوس روڈ سے 7 کلب وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 13 اپریل کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جن میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان کیا جائے گا۔

احتجاج کا اعلان

مزید :

صفحہ آخر -