کلبھوشن کو سزاپر بھارت میں صف ماتم ، بھارتی میڈیا چیخ اٹھا ، پاکستانی قیدیوں کی رہائی روک دی

کلبھوشن کو سزاپر بھارت میں صف ماتم ، بھارتی میڈیا چیخ اٹھا ، پاکستانی قیدیوں ...

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک / ایجنسیاں ) نھارتی جاسو س کلبھو شن یادیوکی سزائے موت کافیصلہ آتے ہی بھارت فوری طور پرمتحر ک ہوگیا، پورے بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ۔ بھارتی میڈیا بھی اس پر چیخ اٹھا ہے ۔ بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط سے کلبھوشن کے خلاف عدالتی کارروائی کی تفصیلات مانگی ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنرکے حوالے کئے گئے مراسلے میں کہاگیا ہے کہ کلبھوشن یادیوکے خلاف ٹرائل کے بارے میں اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن کوبھی آگاہ نہیں کیاگیا۔اگر کلبھوشن کے خلاف ٹرائل میں قانون اورانصاف کے بنیادی تقاضے پورے نہ ہوئے توبھارت کی حکومت اورعوام اسے منصوبے کے تحت قتل تصورکریں گے ۔ بھارت نے یہ بھی الزام عائدکیا کہ کلبھوشن کوایران سے اغوا کیاگیاتھا۔پاکستان میں اس کی موجودگی کبھی واضح نہیں کی گئی ۔بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 13 بار کلبھوشن تک رسائی مانگی لیکن پاکستان نے اس کی اجازت نہیں دی۔ دوسری جانب کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد مودی سرکار نے سیخ پا ہوتے ہوئے اپنی جیلوں میں سزا کی مدت پوری کرنے والے درجنوں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد بھارتی حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ وہ ان درجنوں پاکستانی قیدیوں کو رہا نہیں کرے گی جنہیں آج پاکستان کے حوالے کیاجانا تھا۔ رپورٹ کے مطابق حکومت سمجھتی ہے کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے یہ مناسب وقت نہیں ۔ رپورٹ کے مطابق رہا کیے جانے والے ان پاکستانی قیدیوں نے سزا کی مدت پوری کرلی تھی اور ان کی یہ رہائی پاکستان اور بھارت کی طرف سے ایک دوسرے کی جیلوں میں سزا کی مدت پوری کرنے والے قیدیوں کی رہائی کے اقدام کے تحت ہونی تھی۔

بھارت۔

مزید :

صفحہ اول -