مردم شماری کا انعقاد فوج اور حکومت کی اجتماعی کامیابی ہے، ہر قیمت پرمکمل کرینگے : جنرل باجوہ

مردم شماری کا انعقاد فوج اور حکومت کی اجتماعی کامیابی ہے، ہر قیمت پرمکمل ...

  

راولپنڈی(این این آئی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مردم شماری کا عمل ہر قیمت پر مکمل کیا جائیگا، مردم شماری کا بلا رکاوٹ انعقاد فوج اور حکومت کی اجتماعی کامیابی ہے، آرمی مردم شماری سپورٹ سینٹر اوراس عمل میں شریک دیگر کا کام قابل تحسین ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوبد باجوہ نے پیر کو آرمی ایئر ڈیفنس کمان ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں قائم آرمی مردم شماری سپورٹ سینٹر کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو پاکستان شماریات بیورو کو فراہم کی جانیوالی مدد اور اب تک مردم شماری کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے سربراہ نے آرمی مردم شماری سپورٹ سینٹر اوراس عمل میں شریک دیگر کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی مردم شماری کی کامیاب تکمیل میں اپنے مثبت کردار کو قومی عزم سمجھتی ہے ۔ مردم شماری کا عمل ہر قیمت پر مکمل کیا جائیگا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونیوالے فوجیوں اور سویلینز کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری کے عمل کا بلا رکاوٹ انعقاد فوج اور حکومت کی اجتماعی کامیابی ہے ۔ قبل ازیں آرمی مردم شماری سپورٹس سینٹر آمد پر پاک فوج کے سربراہ کا استقبال چیئرمین آرمی مردم شماری سپورٹ سینٹر (کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ) لیفٹیننٹ جنرل زاہد لطیف مرزا نے کیا ۔

جنرل باجوہ

مزید :

صفحہ اول -