مذہبی ، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین کا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے مو ت کا خیر مقدم

مذہبی ، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین کا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ...

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ سمیت ملک بھر کی مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کوسزائے موت سنائے جانے کا خیر مقد م کیا اور کہا ہے کہ بی جے پی سرکار اس فیصلہ پر شور مچانے کی بجائے پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے۔ حکومت پاکستان کو کلبھوشن کو فی الفور پھانسی دینی چاہیے اور انڈیا کے دہشت گردانہ کردار کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل و جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق احمد خاں،اجمل خاں وزیر، پیر سید ہارون علی گیلانی،ا بتسام الہٰی ظہیر، سید ضیاء اللہ بخاری اور مولانا امیر حمزہ نے کلبھوشن کو پھانسی کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارتی جاسوس کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے سے ملک دشمن قوتوں کو مضبوط پیغام جائے گا اور اس سے دہشت گردی میں کمی آئے گی۔حکومت پاکستان کو چاہیے کہ کلبھوشن جیسے دہشت گردوں کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر بھی اٹھائے اور انڈیا کے دہشت گردانہ کردار کو پوری دنیا پر بے نقاب کیا جائے۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خاں نے کہاکہ بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں تیزی لائی گئی اور بلوچستان، کراچی اور دیگر علاقوں میں بے گناہوں کا خون بہایا گیا ہے۔ کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا سناناپوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما اجمل خاں وزیر نے کہاکہ کلبھوشن یادیو کو پھانسی دینے کا فیصلہ قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ھدیۃ الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہاکہ حکومت پاکستان کو کلبھوشن کے معاملہ پر بھارتی دھمکی آمیز رویہ کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے اور اسے جلد سے جلد پھانسی دینی چاہیے۔ جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہاکہ بھارت کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے پرواویلا کرنے کی بجائے وطن عزیزپاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کروانا بند کرے۔ متحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، تحریک حرمت رسول ﷺ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ اور نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ نے کہاکہ تخریب کاری اور دہشت گردی کی وارداتیں روکنے کیلئے کلبھوشن جیسے درندوں کو پھانسی دینا بہت ضروری ہے۔

مزید :

صفحہ اول -