تحریک انصاف قیام پاکستان کے اصل مقاصد پورے کرے گی:علی محمد خان

تحریک انصاف قیام پاکستان کے اصل مقاصد پورے کرے گی:علی محمد خان

  

چارسدہ (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء ایم این اے علی محمد خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پاکستان میں حقیقی تبدیلی لا کر قیام پاکستان کے اصل مقاصد پوری کریگی۔وہ یو نین کونسل بہلولہ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر امتیاز ، لیاقت ، پرویز، امجد ، مشتاق خان اور مسلم نے اے این پی اور قومی وطن پارٹی سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ۔ جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے ایم این اے علی محمد خان ایڈوکیٹ ، تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر فضل محمد خان ، انور تاج اور عابد خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف عوام کے بنیادی مسائل اور مشکلات حل کرنے کیلئے عملی جدو جہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے قیام پاکستان سے لیکر اب تک وطن عزیز پر ایسے لوگ حکمران رہے جنہوں نے عوامی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور قومی وسائل لوٹ کر بیرون ملک اثاثے بنائے ۔ انہوں نے کہاکہ عمرا ن خان نے حکمرانوں کی بیرون ملک لوٹی ہوئی دولت کو پاکستان لا کر قومی خزانے میں واپس جمع کرنے کا عہد کیا ہو اہے جس کیلئے وہ سپریم کورٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عمران خان کا ساتھ دیکر قومی ذمہ داری پوری کرکے اپنی تقدیر بدل دے۔انہوں نے کہاکہ شریف برادران کی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے اور عمر ان خان کی قیادت میں تحریک انصاف نئے پاکستان کی بنیاد رکھ رہی ہے جس میں ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہو نگے ۔ عمر ان خان کی قیادت میں پاکستان عالمی دنیامیں کھویا ہو ا وقار بحال کریگااور عوام کو گھر کے دہلیز پر انصاف کے ساتھ ساتھ آئین پاکستان کے مطابق تمام شہری حقوق مہیا کر یگی ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -