قائمہ کمیتی برائے داخلہ و قبائلی امور کے ارکان کا دورہ سنٹرل جیل مردان

قائمہ کمیتی برائے داخلہ و قبائلی امور کے ارکان کا دورہ سنٹرل جیل مردان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر )محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے لئے خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نمبر 13 کے ارکان نے کمیٹی کے چےئرمین رشاد خان(Rashad Khan) ایم پی اے کی قیادت میں سنٹرل جیل مردان کا دورہ کیا ۔ کمیٹی کے ارکان ایم پی ایز ضیاء اللہ خان بنگش ، جمشید خان مہمند ، بخت بیدار خان ، نور سلیم ملک اور محترمہ نجمہ شاہین کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم اینڈ ٹرائبل افےئرز ایاز خان مندوخیل ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبر پختونخوا عزیز خٹک ، ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات سید فیاض علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل مردان فضل حمید خان اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ریاض مہمند نے سنٹرل جیل مردان کے کنٹرول روم میں کمیٹی کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 342کنال اراضی پر واقع مردان جیل کی تعمیر ارب 73کروڑ روپے کی لاگت سے اکتوبر 2015میں مکمل ہوئی۔ جس میں مجموعی طور پر تقریبادو ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔ تاہم فی الوقت جیل میں قیدیوں اور حوالاتیوں کی تعداد 1293 ہے۔ جیل میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات موجود ہیں۔ اور 402سیکورٹی کیمروں کے ذریعے 24گھنٹے نگرانی کا نظام روبہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کے ہسپتال میں بیڈز اور طبی آلات اور ادویات کی ضرورت ہے۔ جبکہ دیگر سہولیات کی فراہمی اور عمارت میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے پی سی ون منظوری کے لئے صوبائی حکومت بھیجا گیا ہے۔ کمیٹی کے چےئرمین رشاد خان اور ارکان بخت بیدار خان ، ضیا ء اللہ خان بنگش ، محترمہ نجمہ شاہین ، جمشید مہمند ، نور سلیم خان، نے بعد ازاں سنٹرل جیل مردان کے جوینائل سیکشن ، خواتین قیدیوں کے احاطے ، لنگر خانے ، ہسپتال اور چکر کا تفصیلی دورہ کیا اور قیدیوں اور حوالاتیوں سے ان کے مسائل معلوم کئے ۔ انہوں نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ جیل میں قیدیوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کے انتظامات کو مزید بہتر بنائیں تاکہ یہاں سے نکلنے کے بعد وہ معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمیٹی کے چےئرمین رشاد خان (Rashad Khan)نے کہا کہ صوبے بھر میں جیلوں کی حالت بہتر بنانے اور جیلوں کو اصلاح خانے بنانے کے لئے کمیٹی مختلف جیلوں کے دورے کے بعد سفارشات مرتب کرے گی۔ جسے صوبائی اسمبلی کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے مردان جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔