بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آوازکو نہیں دبا سکتا،برجیس طاہر

بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آوازکو نہیں دبا سکتا،برجیس طاہر

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرنے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد ضمنی الیکشن کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے اندھا دھندفائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب بھارتی فوج نے معصوم کشمیریوں پر سفاکی اور ظلم کی تمام حدیں پار کر لیں ہیں اور آئے روز مقبوضہ کشمیر کی گلیوں اور سڑکوں کو مظلوم کشمیریوں کے خون سے رنگا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ معصوم کشمیری پچھلی سات دہائیوں سے بھارتی بدترین تشدد کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں اور بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ شدت اختیار کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیور کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو دبانے کے لیے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں درجنوں کالے قوانین کا نفاذ کر رکھا ہے جن کے تحت بھارتی سیکیورٹی فورسز کو قتل سمیت تمام تر اختیارات حاصل ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھے سال جولائی میں برہان وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم وتشدد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور بھارت کشمیریوں کی نسل کو بنیائی کی نعمت سے محروم کرنے کے لیے پیلٹ گن استعمال کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر مین انسانیت سوز مظالم کو چھپانے کے لیے بھارت نے انسانی حقو ق کی غیر جانبدارتنظیموں کا مقبوضہ کشمیر میں داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے اور مقبوضہ وادی کا دورہ کرنے والے چند ایک بھارتی کمیشن نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کی جانب سے بدترین ظلم و تشدد کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ ظلم وتشدد اور مظالم سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا بلکہ بھارتی ہتھکنڈوں کے باعث حق خود ارادیت کی آواز بلند ہوتے ہوئے خود بھارت کی جامعات تک پہنچ چکی ہے اور آج بہادر و غیور کشمیری آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی سے بے خوف وخطر ہو کر مقبوضہ وادی کی ہر گلی اور سڑک پر پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کرنے کے لیے پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حقوق کی جنگ دُنیا کے ہر فورم پر لڑتا رہے گا اور بھارتی ظلم و تشدد کو دُنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کرتا رہے گا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -