نجیب احمد بہادری کی ایک اعلیٰ مثال ہے ،نجمی عالم

نجیب احمد بہادری کی ایک اعلیٰ مثال ہے ،نجمی عالم

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صدر کراچی ڈویژن نجمی عالم، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، بلوچ خان گبول اور وقاص شوکت نے کہا ہے کہ نجیب احمد شہید نے ایک مقصد کیلئے اپنی جان قربان کی نجیب احمد نے اس وقت بہادری کا مظاہرہ کیا جب ایک لسانی تنظیم نے کراچی کو یرغمال بنا رکھا تھا اور پی پی پی کے کارکنوں کو گھروں سے نکال کر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔اپنے ایک جاری کردہ بیان میں اقبال ساند نے کہا کہ شہید نجیب احمد سمیت پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے یرغمال کراچی کو آزاد کروانے اور شہرکا امن بحال کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا شہید نجیب احمد ایک سچے اور محب وطن پاکستانی اور سیاسی کارکن تھے۔ انہوں نے ہمیشہ طلبہ کے مسائل اور حقوق کیلئے آواز اٹھائی۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نجیب احمد شہید نے جس مقصد اور مشن کیلئے اپنی جان قربان کی اس مشن کو مکمل کیا جائے۔دریں اثنا پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کراچی کے سابق صدر قائد طلبہ شہید نجیب احمد کی 27 ویں برسی ، بروز منگل 11 اپریل کو منائی جائے گی، 11 اپریل کو شہید نجیب احمد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے5 بجے پیپلزسیکریٹریٹ میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوگی ، اس موقع پر شہید کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی اور دعا ہوگی۔ اس سے قبل صبح 11بجے پاکستان پیپلزپارٹی اور پی ایس ایف کے رہنما شہید نجیب احمد کے مزار پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -