مطالبات حل ہونے تک دھرنا جاری رہے گا ،انیس قائم خانی

مطالبات حل ہونے تک دھرنا جاری رہے گا ،انیس قائم خانی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس احمد قائم خانی نے کہا ہے کہ ہمارا دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارے 16نکات پر عمل درآمد نہیں ہوجاتا ۔ایم کیو ایم کے لوگ صرف قراردادیں پیش کرنے تک محدود ہوگئے ہیں ۔یہ وقت قرارداد پیش کرنے کا نہیں بلکہ عملی طور پر کام کرنے کا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر پی ایس پی کے دھرنے کے پانچویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انیس احمد قائم خانی نے کہا کہ ہمارا کوئی بھی مطالبہ ایسا نہیں ہے جس پر عملدرآمد نہ ہوسکے ۔بات صرف نیت کی ہے ۔اگر حکومت خلوص نیت سے چاہے تو یہ مسائل جلد از جلد حل ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی نے حکومت کے سامنے 16نکات رکھے ہیں ۔جب تک ان نکات پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں ہوجاتا ہمارا دھرنا ختم نہیں ہوگا ۔انیس احمد قائم خانی نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں ۔نیک نیتی کے ساتھ بات کی جائے گی یقیناً تمام مسائل حل ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اس وقت تیسری حکومت چلارہی ہے ۔یہ وقت قراردادیں پیش کرنے کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے کا ہے ۔ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی ،میئر کراچی اور کونسلرز کوعوامی مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر ہونا چاہیے ۔ضرورت اس بات کی ہے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سب سڑکوں پر نکلیں اور یہ نہ دیکھیں ان کی قیادت کون کررہا ہے ۔دریں اثناء آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی سربراہی میں تاجروں کے وفد نے پاک سرزمین پارٹی کے احتجاجی کیمپ میں پارٹی رہنماؤں سے اظہار یکجہتی کیا اور انیس قائم خانی ،وسیم آفتاب ،آصف حسنین اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عتیق میر نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے جس مقصد کے حصول کیلئے احتجاج کیا ہے وہ ہماری بھی آواز ہے۔حکومت سو رہی ہے، عوام کا کافی پرسان حال نہیں ہے۔کراچی کے مسائل کیلئے تمام جماعتوں کو آواز بلند کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو آج تک کسی بھی سیاسی جماعت نے اون نہیں کیا ہے ۔نوجوان لیڈر مصطفی کمال نے عوامی حقوق کیلئے جو تحریک شروع کی ہے اس میں تاجر برادری ان کے ساتھ ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -