پاک بیلا روس اقتصادی وپارلیمانی تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں،ایاز صادق

پاک بیلا روس اقتصادی وپارلیمانی تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں،ایاز صادق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے پاکستان اور بیلا روس کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر بیلا روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش رکھتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیلا روس کے ایوان نمائندگان کے چیئرمین ولادیمیر اینڈین وچنکوMr. Vladimir Andeinvchenkoکی سر براہی میں پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کرنے والے بیلا روس کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ کے چیئر مین سردار اویس احمد خان لغاری اور پاکستان میں تعینات بیلاروس کے سفیر ایندری جی ارمولووچ Mr. Andrei G. Ermolovichبھی موجود تھے ۔سپیکر نے کہا کہ دونو ں ممالک کے مابین مسلسل رابطے موجود ہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی پارلیمنٹ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مصروف عمل ہے ۔انہوں نے حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافے کے لیے فعال پارلیمانی سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔فرینڈز شپ گروپس کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر رابطوں میں اضافہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ضروری ہے۔سر دار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تجارتی پارٹنرز کی تلاش ہے اورحکومت نے بیرورنی سر مایہ کاروں کے لیے پر کشش مراعات متعارف کرائی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بیلاروس کے، سر مایہ کاروں کے لیے پاکستان میں باہمی مفادات کے مشترکہ منصوبوں میں سر مایہ کاری کا بہترین وقت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت،زراعت اورصنعت کے شعبوں میں بیلاروس کے ساتھ تعاون کوفروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اور دیگر تجارتی فورمز کے مابین رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان خطے میں تعاون کو فروغ دینے اور خطے کے ممالک کی تر قی اور خوشحالی کے لیے ون بیلٹ بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔انہوں نے بیلا روس کے پارلیمانی وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے کو پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبے کے فوائد اور اپنی بندر گاہوں سے مشترکہ خوشحالی کے لیے خطے کے ممالک کو مستفید ہونے کے مواقعے فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔ بیلاروس کے ایوان نمائندگان کے چیرمین ولادیمیر اینڈین وچنکو نے پاکستان اور بیلارورس کے مابین تعلقات کو اقتصادی اور سفارتی رابطوں میں اضافے کے ذریعے مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔انہوں نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تجارتی برادری اور بیلاروس کی تجارتی برادری مسلسل رابطوں میں ہیں اور دونوں کے مابین باہمی تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کا اہم تجارتی شر اکت دار ہے اور بیلاروس پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم کو مزید وسعت دینے کا خواہش مندہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت سمیت دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔بعدازاں پاکستان کی قومی اسمبلی اور بیلا روس کے ایوان نمائندگان کے مابین تعاون کوفروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے ۔ مفاہمتی یاداشت پر دستخط سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایازصادق اور بیلا روس کے ایوان نمائندگان چیئرمین ولادیمیر اینڈین وچنکو نے قومی اسمبلی میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں کیے ۔قبل ازیں وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں بیلاروس کے چیئر مین ایوان نمائندگان نے مگنولیا گرینڈی فلورا کا پودا لگایا ۔ وفد میں شامل تاجربرادری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نصب سولرانرجی سسٹم کا دورہ بھی کیاجہان پر وفد کو بریف کرتے ہوئے کہا پاکستان کا ایوان دنیا کا پہلا ایوان ہے جو شمسی توانائی سے بجلی کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس میں نصب متبادل توانائی کے نظام میں منتقل ہونے پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔