پورا ملک جنر ل(ر) راحیل شریف کے مثالی دور کا معترف ہے : وزیر اعظم

پورا ملک جنر ل(ر) راحیل شریف کے مثالی دور کا معترف ہے : وزیر اعظم

  

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تمام رہنماوں کو سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کے بارے میں متنازع بیانات جاری کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے گذشتہ چند دنوں سابق آرمی چیف کے خلاف آنے والے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نواز شریف کے مطابق پورا ملک سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کے مثالی دور کا معترف ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ اگر سابق آرمی چیف اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کا عہدہ قبول کرتے ہیں تو وہ متنازع ہوجائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ اگر راحیل شریف یہ عہدہ قبول کرلیتے ہیں تو وہ متنازع ہوجائیں گے اور میرے خیال سے اس سے شاید ان کی شہرت میں کمی واقع ہو۔دوسری جانب گذشتہ ہفتے گورنر سندھ محمد زبیر بھی راحیل شریف کے بارے میں بیان دینے کے بعد خبروں کی زینت بنے۔محمد زبیر کا کہنا تھا کہ راحیل شریف کو سعودی اسلامی فوجی اتحاد کا سربراہ مقرر کیے جانے کو بہت بڑی بات تصور کیا جارہا ہے جبکہ بطور ایک عام انسان انہیں اس بات کا استحقاق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کو اتنا بڑھا چڑھا دیا کہ جب وہ اپنے حق کی زمین لینے لگے تو سب نے کہا کہ راحیل شریف زمین لے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ راحیل شریف بھی دیگر جنرلز کی طرح ایک نارمل جنرل تھے۔

وزیر اعظم

اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم نوازشریف سے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم کو پاک فضائیہ کے آپریشنل امور سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نوازشریف سے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر اعظم ہا ؤ س میں ملاقات کی جس میں قومی سلامتی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نوازشریف نے ملکی فضائی حدود کے دفاع میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاک فضائیہ کی استعداد میں اضافے کیلئے تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔ ’’ پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے یوم دستور کے موقع پر قوم کو مبارکباد کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ ملت کا ہر فرد آئین پاکستان پر عمل پیرا ہو کر علامہ اقال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر ے ۔ آج کا دن آئین کے لئے عوام اور رہنماؤں کی مختلف کوششوں کی یاد دلاتا ہے یوم دستور جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ آئین نہ صرف عوام کے بنیادی حقوق کی بلاامتیاز حفاظت کرتا ہے بلکہ متحد اور مضبوط وفاق کی بنیاد بھی فراہم کرتا ہے جو پاکستان جیسے نظریاتی اور مختلف قومیتوں پر مبنی ملک کے لئے نہایت اہم اور ضروری ہے انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری آئین پاکستان پر عمل پیرا ہو کر علامہ اقبالؒ کے خواب اور قیام پاکستان کے مقاصد کو شرمندہ تعبیر کریں ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -