حکومت یوم آزادی کی پر چم کشائی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس منتقل کرئے : رضا ربانی

حکومت یوم آزادی کی پر چم کشائی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس منتقل کرئے : رضا ربانی

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے حکومت سے یوم آزادی(14اگست) کی پرچم کشائی کی تقریب کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان کے مطالبے کی حمایت کردی ہے ، چیئرمین نے واضح کیا ہے کہ ریاست نے سیکیورٹی کے معاملے پر اپنے خوف کی وجہ سے یہ تقریب کسی اور مقام پر منتقل کردی ، آج یہاں آ کر دیکھ لیں ہم غیر ملکی سفیروں سمیت کھلے میدان میں یوم دستور کی تقریب پورے جوش وخروش سے منا رہے ہیں ۔ وہ پیر کی شام پارلیمنٹ ہاؤس کے وسیع سبزہ زار میں دیوار جمہوریت کے سامنے یوم دستور کی پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ نے آئین بنایا ، 10اپریل کو ساری سیاسی قوتوں کے اس اتفاق رائے کو ہر سال منانا چاہیے تھا مگر ریاست اس دن یاد کو دبائے رکھی ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم پاکستان 23مارچ اوریوم آزادی 14اگست جمہور کے دن ہیں مگر پرچم کشائی کی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس سے کسی اور جگہ منتقل کردی گئی، 1986سے پارلیمنٹ ہاؤس میں یوم پاکستان کے موقع پر پرچم بلند کرنے کی تقریب کا آغاز ہوا اور باقاعدگی سے 1989تک اس تقریب کی روایت برقرا ررہی مگر اس آمر جس کا میں آج میں اس خوشی کے موقع پر نام بھی لینا مناسب نہیں سمجھتا کے ادوار میں یہ تقریب کہیں اور منتقل ہوگئیں اور پارلیمنٹ ہاؤس سے پرچم کشائی کی اس قومی تقریب کو چھینتے ہوئے سیکیورٹی کو جواز بتایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب پارلیمنٹ کے اس کمپاؤنڈ میں ہونی چاہیے اور یہ اتنی بڑی جگہ نہیں ہے کہ اس کیلئے ریاست سیکیورٹی فراہم نہ کر سکے ۔ آج ہم نے یوم آئین کی اس تقریب کے ذریعے اس خوف کو زائل کرنے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس یوم آزادی 14اگست 2017کی تقریب پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد کرنے کیلئے سپیکر سے مشورہ کریں گے اور حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ 14اگست 2017کو پارلیمنٹ ہاؤس میں یہ پرچم بلند کیا جائے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ہم آہنگی ہے ، دونوں ایوانوں میں بہتر رابطے ہیں کیونکہ آئین کے تحت سینیٹ ، قومی اسمبلی صدر پارلیمنٹ کا حصہ ہیں اس لئے ہم جب بھی سینیٹ میں کوئی تقریب یا سرگرمی کرتے ہیں تو اس میں قومی اسمبلی کو شامل تصور کرتے ہیں اور ایسا ہی قومی اسمبلی میں تصور کیا جائے کہ ان کی ہر سرگرمی اور تقریب ہماری ہوتی ہے ۔ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم عام انتخابات کی طرف بڑھ رہی ہے ، تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے انتخابی اصلاحات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں اس معاملے میں اہم پیش رفت کا امکان ہے انہیں وزیرقانون وانصاف نے بتایا ہے کہ تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے مسودے کو حتمی شکل دی گئی ہے جلد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دونوں ہاؤسز میں قریبی راوبط انتہائی اہم ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ان رابطوں کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے ہم مل جل کر پارلیمنٹ کے لئے کام کر رہے ہیں اور دونوں اطراف سے یہی جذبہ پایا جاتا ہے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -