انرجی اینڈ پاور ڈویلپمنٹ کا اجلاس ، 15ارب روپے بورڈ فنڈز میں منتقل کرنے کی منظوری

انرجی اینڈ پاور ڈویلپمنٹ کا اجلاس ، 15ارب روپے بورڈ فنڈز میں منتقل کرنے کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت خیبرپختونخوا انرجی اینڈ پاور ڈویلپمنٹ فنڈکے بورڈآف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 15 ارب روپے بورڈ فنڈزمیں واپس منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ۔بورڈ نے صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق تیز رفتار صنعتی ترقی کیلئے درال خوڑ اور مچئی کے منصوبوں سے پیدا ہونے والی 76 میگاواٹ بجلی نسبتاً سستے نرخوں پر صنعتی استعمال کیلئے فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وزیر خزانہ مظفر سید، وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان، چیف سیکرٹری عابد سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، چیف منیجر سٹیٹ بینک، ایم ڈی بینک آف خیبر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پیڈو اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر آئل اینڈ گیس کمپنی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور منٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سولر پاور پراجیکٹ کے تحت ایک ہزار مساجد میں شمسی توانائی کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈ کی منظوری پہلے سے دی جا چکی ہے اور مختص رقم انرجی ڈویلپمنٹ فنڈ کو منتقل ہو چکی ہے ۔ اجلاس میں لکی بلاک کی کھدائی سے بھی اتفاق کیا گیا جس میں تیل کی خاطر خواہ پوٹنشل موجود ہے ۔ اجلاس نے لکی بلاک کے جیولوجیکل سروے کی بھی منظوری دی اور دیر پا نتائج کا حصول یقینی بنانے کیلئے بھر پور توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ منصوبے کا مجوزہ تخمینہ لاگت 5 ارب روپے ہے جس کیلئے ابتدائی رقم کی منظوری بورڈ پہلے سے دے چکا ہے ۔بورڈ نے seepage اور پوٹینشل کی موجودگی کی رپورٹ پر مغل کورٹ اور متنی پر کھدائی اور مجوزہ تخمینہ لاگت کیلئے پی سی ون تیار کرنے سے بھی اتفاق کیا۔اس سلسلے میں فیزبیلٹی رپورٹ کے بعد باضابطہ فیصلہ کیا جائے گا۔ ان ذخائر کو استعمال میں نہ لانے کی وجہ سے ماحول کیلئے خطرات پیداہو رہے ہیں ۔اجلاس میں آئندہ مالی سال میں ہائیڈل پاور فنڈ میں وسائل شامل کرنے سے بھی اتفاق کیااور مختلف طریقوں سے وسائل میں اضافہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعلیٰ نے مختلف اے ڈی پی سکیموں کو وسائل کی فراہمی کیلئے وسائل پیدا کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے صوبے میں جاری شجرکاری مہم کو تیز تر کرنے کیلئے بلین ٹری سونامی منصوبے کو دو ارب روپے دینے سے بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی حکومت عوام دوست ایجنڈا رکھتی ہے جس کی تکمیل کیلئے توانائی اور وسائل کی ضرورت ہے ۔وہ اپنے تبدیلی کے ایجنڈا پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔وہ یکساں ترقیاتی حکمت عملی کو لیکر آگے بڑھیں گے کیونکہ یہ بعض علاقوں کیلئے بہت اہمیت رکھتی ہے جن کو ماضی میں ترقی کی دوڑ میں پیچھے چھوڑا گیا ۔وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانا اُن کی ذمہ داری ہے اوریہ دیکھنا بھی اُن کی ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ ان وسائل سے ضرورت مند عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے یا نہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ وقت اور وسائل کی قدرکریں اور ان کا صحیح استعمال یقینی بنائیں۔صحیح وقت پر وسائل کا صحیح جگہ پر شفاف اور نتیجہ خیز استعمال یقینی ہونا چاہیئے تاکہ صوبے کو ان وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے اور عوام بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔ صوبے میں وسائل کی بھر مار ہے اور سرمایہ کار خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاری کیلئے اپنی آستینیں چڑھا چکے ہیں۔ موجودہ حالات میں خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کا کل وقتی مرکز بننے جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ صوبے میں صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کیلئے پن بجلی کی استعداد کے منصوبوں کو بڑی اہمیت دیں گے ۔انہوں نے صوبے میں پن بجلی اور رن آف دی ریور منصوبوں سے بجلی پیدا کرنے کیلئے مختلف بیرونی ممالک کے سرمایہ کاروں کے ساتھ طے پانے والے متعدد معاہدوں کا ذکر کیا تاہم انہوں نے صوبے کے تیل اور گیس کی پیداوار کے فوائد کا خصوصی حوالہ دیا جس میں مستقبل قریب میں بڑی سرمایہ کاری آنے والی ہے ۔ہم ذخائر تلاش کر چکے ہیں جن کو صوبے کی تیز رفتار ترقی کیلئے استعمال میں لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے صوبے میں سرمایہ کاروں کو حکومت کی طرف سے دی گئی پرکشش مراعات کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ اُن کی حکومت نے ماضی کی سیاسی بیان بازیوں اور دعووں کی روایت ختم کر دی ہے ۔ اُن کی حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور عملاً کام کر رہی ہے جو صوبے کو ترقی کی راہ پر ڈال کر اس کے مستقبل کو محفوظ بنائے گا ۔


پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے چینی سرمایہ کاروں کے دو مختلف وفود نے ملاقات کے دوران انکشاف کیا ہے کہ چینی سرمایہ کار چین کے شہر بیجنگ میں صوبائی حکومت کے مجوزہ انوسٹمنٹ روڈ شو کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ چین کی سینکڑوں مقامی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ منتظمین سرمایہ کاری کے اس نادر موقع سے استفادہ کرنے کیلئے پلان کر چکے ہیں اور انہوں نے پاکستان میں نامزد اپنے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ روڈ شو میں موجودگی یقینی بنائیں تاکہ روڈ شو میں پیش کئے جانے والے منصوبوں سے مناسب ترین منصوبوں کا انتخاب ممکن بنا یا جا سکے ۔چیف ایگزیکٹیو Liu Song کی سربراہی میں چائنا نارتھ انڈسٹری نورنکو پاکستان جبکہ Yu Fengming کی سربراہی میں چائنا روڈ اینڈ بریج کارپوریشن پاکستان کے وفود نے اسلام آباد میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور سمیت خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقعوں خصوصاً بیجنگ روڈ شو پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹیو ازمک غلام دستگیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفود کو صوبائی حکومت کی پالیسیوں خصوصاً اوپن کمپٹیشن ، شفافیت اور سرمایہ کاری کیلئے دی گئی دیگر مراعات کے حوالے سے تفصیلی بریف کیا گیا اور پیش کش کی گئی کہ سرمایہ کار آگے آئیں اور دونوں ممالک کے عوام کے وسیع تر مفاد میں سرمایہ کاری کریں ۔ وفود نے بتایا کہ اُن کی کمپنیاں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری کے معاہدوں کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت توانائی ، روڈ انفراسٹرکچر ، صنعت ، سیاحت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں سو سے زائد میگا منصوبوں کی فیزبیلٹی اور پی سی ون کو حتمی شکل دے چکی ہے ۔ ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل پورے ملک کے عوام کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلی کا موجب ہو گی ۔