نواز شریف کو مودی کے یار کا طعنہ دینے والا آج مودی کے دوبارہ وزیراعظم بننے کیلئے دعائیں کررہا ہے:پلوشہ خان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے 28ارب روپے نجکاری سے فنانس منسٹری کو دے کر وزیر اعظم نےمحنت کشوں کے حق پر ڈاکہ ڈالاہے ، نواز شریف کو مودی کے یار کا طعنہ دینے والا آج مودی کے دوبارہ وزیراعظم بننے کیلئے دعائیں کررہا ہے،اس طرح کا بیان مودی کا چیف سپورٹر تو دے سکتا ہے مگر پاکستان کا وزیراعظم نہیں دے سکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پلوشہ خان نے کہا کہ بے نظیر نے ایمپلائز کیلئے سکیم متعارف کروائی تھی جس کے تحت محنت کشوں کو 12فیصد شیئر دیئے گئے تھے ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 28ارب روپے نجکاری کمیشن میں پڑے تھے جس کو حکومت نے فنانس منسٹری کو دے دیئے ہیں،حکومت نے محنت کشوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، یہ کون سی ریاست مدینہ ہے جس میں محنت کشوں کے فنڈز اٹھا کر دوسروں کو دے دیئے جائیں۔ سرکاری املاک وزیراعظم کی جاگیر نہیں ہے جنہیں فروخت کر دیا جائے؟سعودی عرب ، چین اور یو اے ای سے مانگے گئے پیسے کہاں چلے گئے ہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بیان دیا ہے کہ بھارت کے وزیراعظم مودی کو دوبارہ جیتنا ضروری ہے، نواز شریف کو مودی کے یار کا طعنہ دینے والے مسلمانوں کے قاتل جس نے پاکستان توڑنے اور بنگلہ دیش بنانے کا اعتراف کیا اس کو دوبارہ وزیراعظم بننے کیلئے دعائیں کررہے ہیں، تاریخ میں پہلے کسی نے پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کی،مودی نے بلوچستان میں انتشار پھیلانے کیلئے کلبھوشن یادیو کی ڈیوٹی لگائی جو بعد میں پکڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ پاکستان پر حملے کی تاریخیں بتارہے ہیں اور دوسری طرف وزیراعظم مودی کو دوبارہ منتخب کروانے کی دعائیں مانگ رہے ہیں،وزیراعظم اور وزیر خارجہ متضاد بیانات دے رہے ہیں، پتہ نہیں وزیراعظم کس کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے برطانیہ کے الیکشن میں اپنے سالے کی کمپین چلا کر ایک مسلمان امیدوار کی مخالفت کی،آج بشریٰ بی بی کو غریب لوگ جو خود کشیاں کررہے ہیں ان کے آنسو نظر کیوں نہیں آتے ؟ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی طیارے نے پاکستان میں لینڈنگ کی اور قومی اسمبلی میں پہلی مرتبہ اسرائیل کے حق میں تقریر کی گئی کوئی بھی پاکستانی یہ نہیں چاہتا کہ وزیراعظم نریندر مودی دوبارہ اقتدار میں آئے۔