مٹھی بھر لبرل خواتین اسلام نہیں مغرب کی نمائندگی کرتی ہیں،زر افشاں

مٹھی بھر لبرل خواتین اسلام نہیں مغرب کی نمائندگی کرتی ہیں،زر افشاں

لاہور (لیڈی رپورٹر)شہر لاہور کی خواتین اسلام کے دیئے ہوئے نظام معاشرت پر پور ا یقین رکھتی ہیں ۔ملک بھر کی خواتین خاندانی نظام ، شادی اور اسلام کے شرم و حیاء اور پاکیزگی والے نظام پر نہ صرف یقین رکھتی ہیں بلکہ اسے اپنے حقوق کا محافظ اور اپنی عزت کی حفاظت کا ضامن سمجھتی ہیں ۔ مٹھی بھر لبرل خواتین پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرنے کی بجائے مغرب کی نمائند ہ اور اسلام دشمن بیرونی ایجنڈے کی پیروکار ہیں جن کی جماعت اسلامی پوربھر مذمت کرتی ہے ان خیالات کا اظہار ناظمہ حلقہ خواتین زرافشاں فراحین نے وحدت کالونی گراؤنڈمیں امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد سے 13 اپریل کووحدت کالونی گراؤنڈ میں منعقدہ ہونے والی عظیم الشان خواتین کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پروگرامات کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کے ممبران چوہدری محمود الاحد ، وسیم اسلم قریشی ، عتیق الرحمن عامر ، اسلم شاہین سمیت شعبہ امور حلقہ خواتین لاہور کی عہدیداران بھی موجود تھیں ۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے رابطہ عوام مہم میں بھر پور جدوجہد کرنے اور لاہور کی خواتین سے ڈور ٹو ڈور گھروں میں جا کر رابطے کرنے پر حلقہ خواتین کی تمام عہدیداران اور ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل قرآن و سنت کے نظام میں پوشیدہ ہے اور اسی مشن کے حصول کیلئے لاہور بھر کے مرد و خواتین نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے شانہ بشانہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1