مکار دشمن بھارت کی ہر حرکت پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے،انجم جرال
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما انجم جرال نے کہاہے کہ بھارت مکار دشمن اس کی ہر حرکت پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے، مودی کو علم ہے ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاکستانی حکو مت اور عوام ایک پیج پر ہیں اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بھارت نے اگر کوئی ایڈوانچر کرنے کی کوشش کی تو اس کا پاکستانی فوج وہ حال کرے گی کہ اس کو لگ پتہ جائے گا، جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہو رہی ہے، سرجیکل سٹرائیک اور پاکستانی طیارے مار گرانے کے تمام دعوے غلط نکلے، پاکستان اور پاک فوج کو اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے ہر میدان میں سرخرو کیا۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے خطے کے امن کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی، پاکستان نے جنگ کو بڑھاوا دینے کی بجائے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ پاکستانی فوج اور قوم بھارت کے جارحانہ عزائم کا مقابلہ کرنے کیلئے ہروقت تیار ہیں۔ بھارتی قیادت کو یاد رکھنا چاہئے پاکستان نے اسے ہر موقع پر سبق سکھایا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے دوران ساری دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر ہوا ہے آزادی کشمیر کی جدوجہد میں نوجوان طبقہ ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے اب امریکہ اور یورپی یونین بھی مسئلہ کشمیر پر دلچسپی لے رہے ہیں جس سے نظر آرہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا وقت قریب آچکا ہے۔