گلیوں میں کوڑا پھینکنے پر 4991چالان، 84لاکھ سے زائد جرمانہ
لاہور (جنرل رپورٹر) ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی خالد نذیر کی خصوصی ہدایت پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے انفورسمنٹ ونگ کی جانب سے غیر قانونی طور پر کوڑاکرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف کاروائی تیز کر دی گئی۔ ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ لاہور شہر میں کسی کو بھی غیر قانونی طور پر کوڑا کرکٹ پھینکنے کی اجازت نہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی انفورسمنٹ ونگ کی جانب سے شہرِ لاہور میں غیر قانونی طور پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف یکم جنوری2019سے لے کر اب تک 84 لاکھ44ہزارروپے سے زائد کے 4991 چالان کئے گئے ۔ ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کی خصوصی ہدایت پر انفورسمنٹ ونگ کو مزید متحرک کردیا گیااور ایسے تمام عناصر جو شہر کو گندہ کرنے اور غیر قانونی طور پر کوڑا کرکٹ پھینکنے میں ملوث ہیں ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ایل ڈبلیو ایم سی انفورسمنٹ ونگ کی جانب سے شمالی، جنوبی اور اندرون لاہورسمیت بیشتر علاقوں میں صفائی ستھرائی کے غیر تسلی بخش انتظامات ہونے ،کوڑے کرکٹ کو آگ لگانے اور غیر قانونی طور پر ڈمپ کرنے پر متعدد دوکانداروں اور لوگوں کا چالان کیاگیا ۔