حکومت نظام مصطفیؐ نافذ کر کے پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنائے،حامد رضا

حکومت نظام مصطفیؐ نافذ کر کے پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنائے،حامد رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت نظام مصطفٰؐے نافذ کر کے پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنائے۔ مولانا فضل الرحمن کی دال گلتی نظر نہیں آتی۔ کالعدم جماعتوں کے خلاف اقدامات خوش آئند ہیں۔ مودی کا متعصبانہ انتخابی منشور اس کی انتہا پسندانہ سوچ کا عکاس ہے۔ حکومت اور اپوزیشن جوش کی بجائے ہوش سے کام لیں۔ ملک کو جنونیت کی نہیں فکر و تدبر کی ضرورت ہے۔ حکومت اعلانات نہیں اقدامات کرے۔ بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی تو پاک فوج اور قوم بھارت کو کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری خطرے کے نشان کو چھو رہی ہے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کو ریاستی گرفت میں لایا جائے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ماضی کی حکومتوں سے سبق سیکھے۔ عام آدمی کے استعمال کی چیزوں کی قیمتیں کنٹرول کر کے حکومت اپنی ساکھ بحال کر سکتی ہے۔ بیرونی جارحیت کے مقابلہ کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ اندرونی اتحاد کے بغیر بیرونی خطرات کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔ عمران خان مہنگائی کا سونامی روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ عوام کی عمران خان سے وابستہ امیدوں کا ٹوٹنا بہت بڑا المیہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شاطر اور انتہا پسند سوچ کا مالک مودی الیکشن جیتنے کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے اس لئے بھارت جیسے مکار دشمن پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہئے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ صوفیا کے ماننے والے محب وطن اور پرامن طبقے کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نظام مصطفے کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لئے اہل سنت جماعتوں کا اشتراک عمل ضروری ہے۔ اہل سنت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ہم اسلام اور پاکستان کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔