اپوزیشن کو متحد کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمن کی کوششیں خوش آئند،اویس نورانی
لاہور(نمائندہ خصوصی )جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر آئی ایم ایف کا ایجنٹ ہے۔ اپوزیشن کو متحد کرنے کے لئے مولانا فضل الرحمن کی کوششیں خوش آئند ہیں۔ اپوزیشن متحد ہو جائے تو حکومت ایک دن نہیں چل سکتی۔ گرم موسم میں گرم سیاست ہو گی۔ نااہل حکومت ایک سال سے زیادہ چلتی نظر نہیں آتی۔ پی ٹی آئی کے آٹھ ماہ کے اقتدار میں ملکی ادارے کمزور ہو گئے ہیں۔ ملک میں افراتفری کا ماحول ہے۔ تبدیلی سرکار فلاپ ہو چکی ہے۔ عمران خان کو اقتدار میں لانے والوں نے متبادل آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔ رمضان کے بعد حکومت مخالف تحریک چلے گی۔ حکومت اپنی قبر خود کھود رہی ہے۔ تبدیلی کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ تبدیلی کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ نیب کا جانبدارانہ کردار کھل کر سامنے آ چکا ہے۔ قوم کو بتایا جائے کہ آئی ایم ایف سے کن شرائط پر قرض لیا جا رہا ہے۔ اسد عمر ناکام ترین وزیر خزانہ ثابت ہوا ہے۔ نااہل حکومت نے آٹھ ماہ میں عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ بلے پر مہر لگانے والے پچھتا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حکومت نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ حکومت مخالف تحریک کے لئے اپوزیشن جماعتوں میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ سب جماعتوں کی مشاورت سے تحریک کے وقت کا تعین کیا جائے گا۔ مہنگائی سے تنگ آئی ہوئی قوم سڑکوں پر نکلنے کے لئے تیار ہے۔ پنجاب میں سیاسی تبدیلی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔ اس سال کے آخر تک سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا۔ عمران خان بہت جلد پھر کنٹینر پر کھڑا نظر آئے گا۔ حکومتی جماعت کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ تیز ہو چکی ہے۔