تبدیلی کے دعوے داروں نے قومی مسائل بڑھا دیئے ہیں،جواد احمد

تبدیلی کے دعوے داروں نے قومی مسائل بڑھا دیئے ہیں،جواد احمد

لاہور(نمائندہ خصوصی)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ تبدیلی کے دعوے داروں نے قومی مسائل بڑھا دیئے ہیں، دنیا میں کسی ملک نے اتنی زیادہ ٹیکس ایمنسٹی سکیمیں نہیں دیں جتنی پاکستان میں دی گی ہیں اور آئی ایم ایف کی تازہ رپورٹ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹیریٹ میں پارٹی ورکرز سے خصوصی گفتگو میں کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2019 ء جو جاری کی ہے اس کے مطابق پاکستان میں اقتصادی ترقی کی رفتار میں کمی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگااور بجٹ خسارہ آئندہ سال مزید بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی 6فیصد ہدف کے برعکس 7.6 فیصد رہے گی۔

،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی عوام کے لیے پریشانی کا باعث ہے، تبدیلی کے دعوے داروں نے قومی مسائل حل کرنے کی بجائے بڑھا دیئے ہیں، حکومت مہنگائی کے طوفان کو روکنے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے، غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور ملک میں ہر حکومت ٹیکس ایمنسٹی سکیم دینا اپنا فرض منصبی سمجھتی ہے ماضی میں جتنی ٹیکس ایمنسٹی سکیمیںآئی تھیں وہ سب کی سب ناکام رہیں۔ موجودہ حکومت ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا نفاذ بنیادی شرائط کو پورا کئے بغیرکر رہی ہے اس لئے کوئی شبہ کی گنجائش نہیں کہ یہ سکیم بھی ناکام ہو گی۔ نیا کالا دھن پیدا ہوتا رہے گا اور پرانا کالا دھن سفید ہوتا رہے گا وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ حکومت کی نافذ کردہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو سختی سے مسترد کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اقتدار میں آکر اس سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی دوبارہ تحقیقات کرائیں گے لیکن یہ بات صرف بیان تک رہی۔ یہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم بھی ماضی کی طرح ناکام ہو گی۔جو عمران خان کا قوم سے ایک اور جھوٹ ثابت ہوگی.

مزید : میٹروپولیٹن 4