فخر،امام،شان اور عابد کوکھیلتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے:اظہر علی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیسٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین اظہرعلی کا کہنا ہے کہ انہیں ورلڈ کپ سے محرومی کا قطعی افسوس نہیں کیونکہ انہوں نے دیگر پلیئرز کو ابھرتا دیکھ کر ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔34 سالہ بیٹسمین رواں سیزن میں انگلش کاؤنٹی سمرسٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے اسے چیمپئن بنوانے کی کوششیں کریں گے تاہم ان کا حالیہ گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں جس سے انہیں اپنا ٹیسٹ کیریئر مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر ان کا یہی خیال ہے کہ جو ہوتا ہے وہ بھلائی کیلئے ہی ہوتا ہے اور انہوں نے یہ بات محسوس کرلی تھی کہ فخرزمان،امام الحق،شان مسعود اور عابد علی بہتر کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں لہٰذا وہ ون ڈے ٹیم میں شمولیت کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلنے کے زیادہ مستحق ہیں اور پاکستانی ٹیم اس بار عالمی کپ جیت سکتی ہے۔ اظہرعلی کے مطابق انہوں نے فخر زمان اور امام الحق کو عمدگی سے کھیلتے دیکھ کر ون ڈے سے علیحدگی اختیار کی جس کی وجہ سے انہیں ٹیسٹ کرکٹ کیلئے آرام مل گیا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ زبردستی کھیلنے کے بجائے عزت کے ساتھ ریٹائرمنٹ زیادہ بہتر ہے۔اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے دیگر فارمیٹس میں واپسی کی خواہش بھی نہیں ہوتی لہٰذا انہوں نے کھلے ذہن کے ساتھ فیصلہ کیا اور اس پر اطمینان بھی ہے۔
انہوں نے گھٹنے کی انجری سے متعلق سوال پر کہا کہ ان کیلئے اس سے زیادہ اہم چیز فارم ہے جو کامیابی یا ناکامی میں کردار نبھاتی ہے۔