بھارتی انتخابات میں کامیاب جماعت سے پاکستان بات چیت آگے بڑھائے گا: فواد چودھری
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )و فاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بھارتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پاکستان نئی حکومت سے بات چیت کیلئے تیار ہے، حکومت پاکستان خطے میں امن کی خواہاں ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے بھارتی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پاکستان بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہے۔ پاکستان کرتار پور راہداری کو فعال کرنے کیلئے اپنی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ بھارتی انتخابات کے بعد جو بھی پارٹی اقتدار میں آئے گی اس کے ساتھ پاکستان بات چیت آگے بڑھائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد پیدا تناؤ خطے کے مفاد میں نہیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے برعکس جنگی ماحول میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کیا۔ ۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان خطے میں امن کی خواہاں ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
فواد چودھری