پی پی ایم اے کاادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ واپس لینے کا اعلان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن زاہد سعید نے وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جن ادویہ ساز کمپنیوں نے غیر قانونی طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے 72 گھنٹے میں واپس لیا جائے گا۔وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کے زیر صدارت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا اجلاس ہوا جس میں اجلاس میں چیئرمین پی پی ایم اے بھی شریک ہوئے ۔چیئرمین پی پی ایم اے نے وزیر صحت عامر کیانی کو یقین دہانی کرائی کہ جن ادویہ ساز کمپنیوں نے غیر قانونی طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے 72 گھنٹے میں اسے واپس لیا جائے گا۔زاہد سعیدنے کہاکہ جن 395 ادویات کی قیمتوں میں حکومت نے کمی کانوٹیفکیشن کیا تھا اس پر بھی فی الفور عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف حاصل ہوسکے۔چیئرمین پی پی ایم اے نے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں غیرقانونی طور پر اضافہ کرنے والوں کے خلاف ہم حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیر صحت نے ڈریپ کوہدایت کی کہ قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے انہوں نے کہاکہ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور اس کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھایا جائے۔
ادویات/قیمتیں