عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹنے والے عناصر کو حساب دینا ہو گا: عثمان بزدار

عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹنے والے عناصر کو حساب دینا ہو گا: عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق ادوار میں بیدردی سے قومی خزانے کو لوٹا گیا، پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن اور سابق حکمرانوں کی نااہلیاں ہیں، قائداعظمؒ کے پاکستان کو بدحال کرنے والوں کے ذاتی بینک بیلنس بڑھے لیکن ملک آگے نہ بڑھ سکا لہٰذاعوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹنے والے عناصر کو حساب دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے اورتبدیلی کا وعدہ پورا کرکے عوام کی تقدیر بد لیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب سفر شروع ہو چکا ہے اور قوم کی توقعات کو پوری کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں،عوام کو مسائل کے چنگل سے نکالیں گے اور تبدیلی آکر رہے گی۔ پاکستان کے46ویں یوم دستور کے موقع پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ آئین کے بانیوں کے عزم اور حوصلے کی بدولت قوم کو ایک وفاقی، جمہوری و پارلیمانی نظام ملا، آئین کے تخلیق کاروں اور اس وقت کے اراکین قومی اسمبلی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں کیونکہ عوام کی منتخب کردہ جمہوری قیادت نے اتفاق رائے سے قوم کو ایک متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔انہوں نے کہا کہ آئین میں جمہوریت، مساوات، رواداری، شخصی آزادی کی ضمانت فراہم کی گئی جبکہ آئین پاکستان ہمیں ثقافتی،نسلی اور لسانی تقسیم سے باز رکھتے ہوئے آپس میں باہم جوڑ کر ایک قوم کی مانند رکھے ہوئے ہے اور اس آئین نے قوم میں نا صرف اتحاد کو جنم دیا بلکہ وفاقی اورصوبائی خود مختاری کو بھی نئی جہتوں سے ہمکنار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئینی دفعات کی حد ود پر من وعن عملدر آمد سے ہی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم آئین کی بالا دستی ہمیشہ برقرار رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب دستور پاکستان کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے حقوق کا تحفظ اورخدمت کے عزم کا ازسرنواعادہ کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول