جعلی ڈگر ی ،بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی اے خان طورنااہل قرار
اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے جعلی ڈگری رکھنے پر بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی محمد خان طور کو نا اہل قرار دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی محمد خان طور جعلی ڈگری رکھنے پر نااہل قراردے دیا ، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے فیصلہ سنایا۔ارکان نے متفقہ طور پر بی اے پی سے تعلق رکھنے والے محمد خان طور کو 63 ون ایف کے تحت نااہل کیا۔محمد خان طور بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر پی بی 4 لورالائی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، انہوں نے دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں ایم ایم اے کے مولانا فیض اللہ کو شکست دی تھی۔نااہلی کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن جلد انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کرے گا اور حلقے میں دوبارہ انتخاب کی تاریخ کا بھی اعلان کریگا۔