فلورملز کا 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 5روپے بڑھانے کا پلان
لاہور (آئی این پی )فلور ملز مالکان نے بھی آٹا مہنگا کرنے کا پلان بنا لیا، ملز مالکان نے حکومت سے 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5روپے اضافے کا پلان بنا لیا۔ تفصیلات کے مطابق فلور ملز مالکان کا 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5روپے بڑھانے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔فلور ملز مالکان کا کہنا ہے اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے کے بعد اضافہ نا گزیر ہے، اگر حکومت سرکاری گوداموں سے گندم کی فراہمی نہیں بڑھاتی تو قیمت میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ قیمت بڑھنے کے بعد پرچون میں تھیلے کی قیمت 765روپے ہو جائے گی۔مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام دہائی دے رہی ہے کہ غریب سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے۔دوسری طرف پنجاب حکومت نے فلور ملز مالکان کو آٹے کی قیمت بڑھانے سے روک دیا‘اضافے کی صورت میں فلور ملز کے خلاف سخت ایکشن کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق فلور ملز مالکان نے ملک میں پٹر ولیم مصنوعات میں اضافے کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں آٹے کی 20کلو تھیلے میں5روپے اضافے کا اعلان کر رکھا ہے مگر پنجاب حکومت نے اس کو مکمل طور پر مستر دکر دیا ہے او ر اب وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوام کو پہلے ہی مہنگائی کا سامنا ہے ان حالات میں اگر کوئی آٹے کی قیمت میں اضافہ کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔