ٹیکسٹائل مصنوعات کی 4روزہ نمائش آج ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہو گی

ٹیکسٹائل مصنوعات کی 4روزہ نمائش آج ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہو گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( نیوزرپورٹر) پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی 4 روزہ نمائش ٹیکسپو 2019 ء آج بروز جمعرات سے ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہو گی جس میں 53 ممالک سے بزنس مندوبین اور پاکستان کے بڑے شہروں سے 230 ٹیکسٹائل ملز کے نمائندے اس کاروباری نمائش میں شرکت کرینگے ۔ یہ بات ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکر ٹری صالح محمد فاروقی نے بدھ کے روز ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہا کہ اس 4 روزہ نمائش ٹیکسپو میں ملک کے بڑے برانڈز کی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے اس نمائش میں ریڈی میڈ گارمنٹس، ٹاول، بیڈ شیٹس، لیدر، فیشن گارمنٹس اور دیگر مصنوعات شامل ہوں گی،ٹیکسپو کے موقع پر 14 اپریل کو ٹیکسٹائل انوائز کانفرنس بھی منعقد ہوگی اور گورنر ہاؤس میں ٹیکسٹائل مندوبین کے اعزاز میں ڈنر دیا جائے گا ، نمائش کاافتتاح آج بروز جمعرات وزیراعظم کے مشیر رزاق داؤد کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ نمائش میں ٹیکسٹائل تنظیموں کی قیادت بھی شریک ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں صالح فاروقی نے کہا کہ پاکستان کی کل برآمدات کا 57 فیصد ٹیکسٹائل پر مشتمل ہے جبکہ عالمی سطح پر ہونے والی برآمدات میں پاکستان کا حصہ 2 فیصد سے بھی کم ہے،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکر ٹری نے کہا کہ برآمدات کو بہتر بنانے کے لئے ہم مختلف رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اپنی پوزیشن کا اندازہ لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسپو کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورمحفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بڑے چیلنجز کا سامان ہے جس میں ٹریڈ پروموشن اور ایکسپورٹ بھی شامل ہے۔
جس سے نمٹنے کے لیئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملکر کام کر رہے ہیں۔

نمائش کے متعلق ایک سوال پر سیکر ٹری محمد صالح فاروقی نے کہا کہ حکومتی سطح پر یہ چار روزہ نمائش اہمیت کے لحاظ سے بہت بڑی نمائش ہے جس کے لیے بیرون ممالک میں کمرشل اتاشیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ۔اس نمائش کے انعقاد میں پنجاب حکومت سمیت دیگر تمام اداروں نے بھی معاونت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2016 ء کے بعد یہ دوسری بڑی نمائش ہے ۔

مزید :

کامرس -