معروف داکاراور اینکر علی میر کا یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

معروف داکاراور اینکر علی میر کا یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

لاہور(پ ر)معروف نقالی و کامیڈی اداکار اور ٹی وی اینکر علی میر نے سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز ، یو ایم ٹی کا دورہ کیا جہاں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا تعلیم یافتہ افراد کی فراہمی پر پروفیسر مغیث الدین شیخ کا احسان مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقالی ایک فن ہے، جدید دور میں میڈیا کے شعبہ میں نئی جہتیں کھل رہی ہیں ، میڈیا میں مقام بنانے کے لئے مطالعہ اور محنت ضروری ہیں۔ قبل ازیں ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز پروفیسر مغیث الدین شیخ نے علی میر کو یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں مدعوع کیا ، گزشتہ روز علی میرپروگرام کے ڈائریکٹرز سہیل شیخ ، نعمان اور محمد مرتضیٰ کے ہمراہ یو ایم ٹی پہنچے جہاں ان کا استقبال پروفیسر مغیث الدین شیخ نے کیا، جبکہ ا س موقع پراسسٹنٹ پروفیسرزبشمول ڈاکٹر محمد مزمل سعید، طیب فاروق بھٹی ، راشد خان اور لیکچررز بشمول صائمہ ثقلین، ماریہ نعیم، اقرا سعید، سعود احمد بیگ ، ازباء یوسف، ماہم زاہداور صدف زبیر موجود تھے۔ تقریب میں مہمان خصوصی عابد شیروانی ، پروفیسر مغیث الدین شیخ ، یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ خطبہ استقبالیہ میں پروفیسر مغیث الدین شیخ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نظام بنائے ہیں، پنجاب یونیورسٹی، گومل یونیورسٹی، سپیرئریونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں انہوں نے ہمیشہ کوالٹی آف ایجوکیشن پر زور دیا، یو سی پی میں انہوں نے جدید تقاضوں کے عین مطابق فیکلٹی آف میڈیااینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ بانی یوایم ٹی شہید پروفیسر ڈاکٹر حسن صہیب مرا د کے وہ الفاظ انہیں یاد ہیں جب انہوں نے پروفیسر مغیث الدین شیخ سے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سے ریٹائرمنٹ کے آپ اپنے دوسرے گھر یو ایم ٹی کو جوائن کریں، آپ کی ہمیں ضرورت ہے۔ اگرچہ آج شہید پروفیسر حسن صہیب مراد موجود نہیں مگر انہوں نے اپنے دوست کے گھر کوجوائن کرلیا ہے۔

یو ایم ٹی میں سکول آف میڈیااینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے خدوخال اور غراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت جلد یہ سکول میڈیا کے شعبہ میں پاکستان کا نمبر ون سکول بنے گا، اس موقع پر انہوں نے فیکلٹی ممبران کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپیں ۔ علی میر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ علی میر نئی جہت کا اداکار ہے ، یہ اچھی روایت کا سرخیل ہے جو آئندہ دور میں میڈیا میں کیرئیر کے طور پر لی جائے گی۔

علی میر نے یوایم ٹی انتظامیہ ، ڈی جی یو ایم ٹی عابد شیروانی ، ڈین ایس ایم سی ایس پروفیسر مغیث الدین شیخ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ روایتی لائف سٹائل کی بجائے آئیڈیاز کی بات کریں، زندگی کی نئی جہتیں دریافت کریں، مطالعہ کریں اور پیشہ ورانہ زندگی میں روزگار میں سے ایک حصہ خیراتی اداروں اور انسانیت کی فلاح کے لئے وقف کریں، دنیا میں بڑے بڑے افراد نے اپنی زندگیاں انسانیت کی خدمت میں وقف کررکھی ہیں۔ اس موقع پر علی میر نے عمران خان، آصف زرداری، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، خواجہ آصف ، الطاف حسین، مولانا فضل الرحمن، چوہدری شجاعت ، انور مقصود اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی پیروڈی کی، جسے طلبہ نے بہت سراہا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد شیروانی نے کہا کہ علی میر جیسے خوش نما چہروں کی وجہ سے پاکستان میں خوشیوں کے رنگ بھرے ہیں۔ گھٹن اور اداسی کے ماحول میں چہروں پہ خوشیوں کے رنگ بکھیرنے میں علی میر کا اہم کردار ہے۔ عابد شیروانی کا کہنا تھا اگرچہ آج وہ علی میر کو لائیو پہلی بار دیکھ رہے ہیں مگر انہیں خوشی ہوئی ہے کہ علی میر ہنستا مسکراتا ہوا اداکار ہے جو طلبہ کے لئے رول ماڈل ہے۔ تقریب کے اختتا م پر عابد شیروانی اور پروفیسر مغیث الدین شیخ نے علی میر کو سوونیئر پیش کیا۔

مزید : کامرس