باجوڑ میں نرسنگ اور پیرا میڈیکل کالج کے قیام کیلئے مفاہمت
پشاور (سٹاف رپورٹر)نئے ضم شدہ قبائلی ضلع باجوڑ میں نرسنگ اور پیرا میڈیکل کالج کے قیام کے لیے محکمہ صحت اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔اس سلسلے میں ایک تقریب بدھ کے روز ہیلتھ سیکریٹ پشاور میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان تھے۔سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل اور وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ارشد جاوید نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر وزیر صحت خیبر پختون خواہ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان اور میجر جنرل راحت نسیم آئی جی ایف سی نارتھ کمانڈ بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق کالج پیرا میڈیکل اور نرسنگ میں بی ایس سی کی ڈگریاں جاری کرے گا اور کالج میں 30 فیصد نشستیں باجوڑ کے مقامی طلبہ کیلئے مختص ہونگی اور ضم ہونے والے دیگر قبائلی اضلاع سے آنے والے طلبہ کیلئے 20 فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ باقی 50 فیصد طلبہ کو اوپن میرٹ کی بنیاد پر کالج میں داخلہ دیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر صحت خیبر پختون خواہ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ کالج میں اسی سال سے باضابطہ درس و تدریس کا آغاز کر دیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کے ضم ہونے والے باقی اضلاع میں بھی آنے والے وقتوں میں اس قسم کی پیشرفت کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے اضلاع میں یہ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے اور اس سے وہاں کی عوام میں خود اعتمادی پیدا ھو گی۔ انہوں نے اس بات کی یاد دہانی کروائی کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی اول ترجیحات ہیں کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ ملک کے تمام ادارے یکجا ہیں اور ضم ہونے والے اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے لیے پرعزم ہیں بہت جلد ضم ہونے والے اضلاع ترقی کے سفر پر گامزن ہو جائیں گے۔ تقریب میں میجر جنرل راحت نسیم آئی جی ایف سی نارتھ کمانڈ نے بھی شرکت کی اور انہوں نے اس بات کی یقین دہانی دلائی کے ضم ہونے والے اضلاع کے ترقیاتی کاموں میں پاکستان آرمی اور ایف سی نارتھ کمانڈ حکومت خیبر پختونخواہ کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر یقین رکھتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ضم ہونے والے اضلاع میں امن کے لیے بہت قربانیاں دیں، میجر جنرل راحت نسیم آئی جی ایف سی نارتھ نے سیکیورٹی کے حوالے سے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔