کوہاٹ ، پولیس شہدا ء کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے: ڈی پی او کوہاٹ

کوہاٹ ، پولیس شہدا ء کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے: ڈی ...

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس شہداء کے بچوں کو مفت اور اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا متفقہ فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی اخراجات میں خصوصی رعایت دینے کا لائحہ عمل طے کرنے پربھی اتفاق کرلیا گیا ہے۔ان امور کا فیصلہ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں پولیس ملازمین خصوصاًشہدائے پولیس کے بچوں کی تعلیمی مستقبل اورویلفئیر کے حوالے سے ڈی پی او آفس کوہاٹ میں پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے بلائے گئے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کی صدارت ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کررہے تھے ۔ چئیر مین پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن ہارون نیازی،صدر پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن محمد شعیب خان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری ابراہیم پراچہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں پولیس ملازمین اور خصوصاً شہدائے پولیس کے بچوں کی تعلیمی مستقبل اور نجی تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے مختلف عوامل پر باہمی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت اور اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا متفقہ فیصلہ کرلیا گیا جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی اخراجات میں خصوصی رعایت دینے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ضلع کوہاٹ اور ہنگو کے پولیس شہداء کے بچوں کی تمام تر تعلیمی اخراجات ،کتب و دیگر تعلیمی ضروریات کی مفت فراہمی اورمفت ٹیوشن سروس فراہم کرنے کی ذمہ داریاں لینے کا اعلان کرتے ہوئے دونوں اضلاع کی حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی اخراجات میں خصوصی رعایت دینے کے حوالے سے پیش رفت پرنجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کا مشترکہ اجلاس جلد بلانے کا لائحہ عمل بھی طے کرلیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے نجی سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کا شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت تعلیمی ضروریات کی فراہمی اور دیگر خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے پرائیویٹ سکولزمنیجمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے مزید اپیل کی کہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیمی ویلفئیر کیلئے اپنے خدمات پیش کرتے ہوئے مالی اخراجات میں رعایت دینے کے سلسلے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر