ملک بھر کی طرح کوھاٹ میں بھی پیسکو ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) ملک بھر کی طرح کوھاٹ میں بھی پیسکو ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ‘ مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں یکم مئی سے مکمل ہڑتال کا اعلان‘ تفصیلات کے مطابق کوھاٹ پیسکو ملازمین نے اربن سب ڈویژن ہیپی ویلی دفتر کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں صوبائی ڈپٹی چیئرمین یونس شاہ واپڈا ہائیڈرو یونین کے عہدیداران فوجی بادشاہ‘ فیاض‘ داؤد و دیگر نے خطاب کیا مقررین کا کہنا تھا کہ کوھاٹ میں اس وقت ملازمین کی 1200 پوسٹیں ہیں جن میں سے 854 خالی ہیں کوھاٹ کے اس حق کے لیے ایم این اے اور ایم پی اے بات سننا گوارہ نہیں کرتے سٹاف کی کمی کے باعث فرائض کی ادائیگی میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں علاوہ ازیں ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کا مسئلہ بھی سردخانے میں پڑا ہے انہوں نے کہا کہ ملازمین کو ٹی اے اور گروپ لائف انشورنس کی سہولیات کی فراہمی کا حکم ہائی کورٹ نے دے رکھا ہے مگر اس پر تاحال کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا جبکہ ملازمین کے لیے کام کے دوران حفاظتی آلات کی کمی ہے انہیں تحفظ کی ضرورت ہے ایس ڈی او اور ایکسین ہمارے ساتھ تعاون کریں تو مسائل میں کمی لائی جا سکتی ہے مگر پہلے ایس ڈی او کی پانچ خالی پوسٹوں کو بھی پر کیا جائے انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم و ملک کی خاطر بڑی قربانیاں دیں مگر اب مزید قربانیاں نہیں دے سکتے جس کی ذمہ داری پیسکو انتظامیہ اور حکومت پر عائد ہوتی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ بھرتیاں کر کے سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے ایمپلائز سن کوٹہ پر عمل درآمد کیا جائے ایم این اے کوھاٹ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مقامی افراد کو بھرتی کرنے کے اقدامات اٹھائیں حکومت مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کرے ملازمین کے بقایاجات کی جلد ادائیگی یقینی بنائی جائے اور سب ڈویژن کے دفاتر کو فرنیچر فراہم کیا جائے اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو یکم مئی سے مکمل ہڑتال کی جائے گی۔