خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ تعلیم کا اجلاس
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ تعلیم کا اجلاس رکن صوبائی اسمبلی اور کمیٹی کے چیئرمین تاج محمدخان ترند کی زیرصدارت پشاور میں منعقد ہوا جس میں مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش، کمیٹی کے ممبران ، سردار حسین بابک، میاں نثارگل، جمشید مہمند، آصف خان اور زینت بی بی کے علاوہ محکمہ تعلیم کے سیکرٹری ارشد خان، منیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی سردار اسد ہارون اورڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹرحافظ محمد ابراہیم بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان نے کمیٹی کو ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے طریقہ کار ، ان کے اختیارات اوراتھارٹی کے مقرر کردہ اہداف اور مسائل سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ مشیرتعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ میرے بشمول محکمے کے تمام آفیسرز ہمہ وقت حاضرہیں اور جو بھی مسائل ہیں ان کا فوری حل تلاش کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم میں بہت بہتر کام ہورہاہے۔ممبرسٹینڈنگ کمیٹی سردار حسین بابک نے کہاکہ محکمہ تعلیم روخانہ پختونخوا پروگرام کے بارے میں سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دی۔ منیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولزریگولیٹری اتھارٹی سردار اسد ہارون نے ادارے کی پالیسی ، کارکردگی اور طریقہ کار پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد سکولوں کی رجسٹریشن کیساتھ ساتھ فیسوں کے مسائل حل کرنااور طلباء اور والدین کو سہولیات فراہم کرناہماری ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ادارے کی مزید فعالیت پرکام جاری ہے اور عنقریب مختلف سکولوں کو فیسوں کی وصولی کیلئے مختلف درجات میں تقسیم کردیاجائیگا۔ ڈائریکٹرایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم نے کمیٹی کو سابقہ اجلاس میں دی جانیوالی انکوائری رپورٹ بھی پیش کی۔ کرنل شیر خان کیڈٹ کالج صوابی کے متعلق انکوائری رپورٹ جمع کرنے کے بعد کمیٹی نے ان سفارشات کی روشنی میں ایک نئی کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا۔