دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے ،کوکب اقبال
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے کمشنر کراچی افتخار شہوانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کہا کہ دودھ کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے خلاف کریک ڈان کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ڈیری فارمرز ایکشن کمیٹی نے دودھ کے من مانے نئے ریٹ مقرر کرنے کااعلان کیا ہے ۔ اطلاع کے مطابق بدھ سے فارمز ریٹ 108رروپے فی لیٹر کردیے گئے جبکہ پورے شہرمیں کمشنر کراچی کے مقرر کردہ ریٹس 94روپے فی لیٹر پر صارفین کو کئی مہینوں سے دودھ دستیاب نہیں ہے۔ دودھ کی ریٹیلز دکانوں پر 100روپے فی لیٹر دودھ کی جو کوالٹی فروخت کی جارہی ہے اس میں مضر صحت اجزا شامل ہیں حال ہی میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے سپر ہائی وے پر دودھ کی کوالٹی چیک کی اور ناقص کوالٹی ہونے کے سبب ہزاروں لیٹر دودھ ضائع کردیا گیا انہوں نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل امجد لغاری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر کی ہر دکان کا ہفتہ واری سیمپل چیک کریں تاکہ صارفین کو ملاوٹ اور مضر صحت دودھ میسر نہ آسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دودھ فروشوں کی کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہ آئے۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ڈیری فارمز ہمیشہ کی طرح من مانی کرتے ہوئے از خود اضافہ کردیتے ہیں تاکہ جب وہ کمشنر آفس میں اجلاس میں شرکت کریں تو دبا ڈال کر اپنے ریٹس مقرر کراسکیں۔ کوکب اقبال نے کہا کہ دودھ کے نرخ طے کرنے سے پہلے دودھ کی 100فیصد خالص کوالٹی کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں ۔ رمصان المبارک میں صارفین کو ملاوٹ اور مضر صحت دودھ اگر سپلائی کیا جاتا رہا تو صارفین کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ۔ کمشنر کراچی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی کوالٹی جانچنے کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر عمران شہزاد بھی موجود تھے۔