مولانا فضل الرحمن کو خلائی نہیں ،خدائی مخلوق نے ہرایا ہے ،عثمان ڈار
پشاور (این این آئی) امور نوجوانان کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو خلائی نہیں بلکہ خدائی مخلوق نے ہرایا ہے ،خیبر پختونخوا کے لوگوں نے ان کی سیاسی دکان بند کر دی اب وہ پنجاب میں سیاسی دکان چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں، دوجماعتیں ذات کی سیاست کر رہی ہیں جن کے دور میں ہر ادارے کا نقصان ہوا اور سبسڈی پہ سبسڈی دی جارہی تھی۔ وہ قیوم سپورٹس کمپلیکس میں جوان مرکز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، ڈائریکٹر امور نوجوانان اسفندیار خٹک اور یو این ڈی پی کی عمارہ درانی بھی ان کے ہمراہ تھے، قبل ازیں انہوں نے جوان مرکز میں نوجوانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہی حاصل کی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اگلے مہینے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی اور انہیں خود روزگار کا قابل بنانے کے لئے جوان پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جس سے 15سے 20 لاکھ نوجوان استفادہ کریں گے یہ پروگرام ایک کروڑ نوکریوں کے وزیر اعظم کے اعلان کا کافی حصہ کور کرلے گا، پروگرام وزیر اعظم کے نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے 10 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرضہ دیا جائے گا جبکہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو بلا سود قرضہ حسنہ دیا جائے گا سماجی سرگرمیوں کے سلسلے میں نوجوانوں کو یونیورسٹیوں اورکالجوں میں کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں میں شریک کیا جائے گا جبکہ 10 ارب درخت لگانے کی مہم میں بھی ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔
عثمان ڈار