غیر مسلموں کی جانب سے گوگل پلے سٹورپر قرآن پاک کی اپ لوڈنگ
لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے گوگل پلے سٹور پر قادیانی کمیونٹی کی جانب سے قرآن پاک اپ لوڈ کرنے کے خلاف دائردرخواست پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان ٹیلی کمیو نی کمیشن اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کر لیاہے۔
جسٹس قاسم خان نے شہری بلال ریاض شیخ کی درخواست پر سماعت کی جس میں وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر سائبر کرائم سرکل کو فریق بنایا گیا ہے ،درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اللہ نے قرآن پاک میں واضح طور پر حکم دیا ہے کہ حضرت محمد آخری نبی ہیں اور تمام مسلمانوں کا ایمان ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہیں لیکن گوگل پلے سٹور پر احمدی کمیونٹی کا اپ لوڈ کیا گیا قرآن پاک ترمیم شدہ ہے جس سے مسلمانوں کو گمراہ کرنے کیلئے ترمیمی قرآن گوگل پلے سٹور پر اپ لوڈ کیا ہے،اس حوالے سے ایف آئی اے کو مذکورہ قرآن پاک گوگل پلے سٹور سے ہٹانے کی درخواست دے رکھی ہے ،بے حرمتی پر حکومتی ادارے اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی خاموش ہیں درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ان خود ساختہ وہیب سائٹس اور شوشل میڈیا کو بلاک کرنے کا حکم دے کرگوگل پلے سٹور سے احمدیہ کمیونٹی کا اپ لوڈ کیا گیا قرآن ہٹانے کی ہدایت کریں ،نہ ہٹانے والوں کیخلاف کارروائی کا بھی حکم دیا جائے،اس کیس کی مزید سماعت آج 11اپریل کو ہوگی۔