مجھے کرپشن کیس پر نہیں مساجد بنانے پر بلایا ہے ،اکرم درانی نے نیب میں بیان ریکارڈ کرا دیا
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اکرم خان درانی نے نیب راولپنڈی میں اثاثہ جات اورمبینہ غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق تفتیش میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وفاقی وزیر اثاثہ جات اورمبینہ غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق تفتیش نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے،نیب کی 5 رکنی مشترکہ تحیققاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی،نیب ٹیم نے سوال نامہ اکرم درانی کے حوالے کردیا،نیب کا کہنا ہے کہ سوال نامے کے تحریری طور پر جواب دیں،سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریری جواب کیلئے وقت دیا جائے، نیب ٹیم نے کہا کہ اگرآپ نے مطمئن کردیا توکیس ختم ہو جائے گا۔
نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ مجھے کرپشن کیس پر نہیں مساجد بنانے پر بلایا ہے ،نیب نے کہا دوبارہ بلانے کی ضرورت نہیں ،نیب نے دوبارہ بھی بلایا تو پیش ہوں گا،انہوں نے کہا کہ نیب حکام نے مجھے بہت عزت دی۔