سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریلوے گالف کلب اراضی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریلوے گالف کلب اراضی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریلوے گالف کلب اراضی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریلوے گالف کلب اراضی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے ہیں کہ معاہدے کودرست قراردیاتوملزم رہاہوجائیں گے،معاہدے کوغلط قراردیاتو ملزمان کیلئے مشکلات ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ریلوے گالف کلب اراضی کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس عظمت سعیدکی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، وکیل صفائی نے کہا کہ جوالزامات لگائے گئے وہ نیب کے ریفرنس میں بھی موجودہیں۔جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ نیب کے ریفرنس میں کتنے ملزمان ہیں؟اس پر وکیل نیب نے کہا کہ ریفرنس میں 14 ملزمان کے نام شامل ہیں،وکیل صفائی نے کہا کہ نیب نے 8 سال تک معاملے میں کچھ نہیں کیا،نیب کے بجائے سپریم کورٹ ہماری درخواست پرفیصلہ کرے۔

عدالت نے کہا کہ ریفرنس دائرہونے پرسپریم کورٹ میں کارروائی مناسب ہوگی؟جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ معاہدے کودرست قراردیاتوملزم رہاہوجائیں گے،معاہدے کوغلط قراردیاتو ملزمان کیلئے مشکلات ہوں گی،جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ہمارا وقت ضائع نہ کیا جائے۔وکیل صفائی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ عوام کی نمائندگی نہیں کرتے، کسی رکن پارلیمنٹ کو عوام کی پرواہ نہیں۔

دوران سماعت اعتزازاحسن اورجسٹس عظمت سعیدمیں دلچسپ مکالمہ ہوا ،اعتزاز احسن نے کہا کہ آج دلائل کے دوران آپ بہت دیر خاموش رہے، آپ نے آج خاموش رہنے کاریکارڈ قائم کردیا،اعتزاز احسن کی بات پر عدالت میں قہقہے لگ گئے،ریلوے نے رائل پام معاہدے کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران پاناماکیس کا تذکرہ ہوا،وکیل ریلوے نے کہا کہ عدالت معاہدے سے متعلق فیصلہ دےکرنیب کوبھجوادے،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں مقدمے میں وہی کریں جوپانامامیں کیاتھا؟جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ آپ پاناماوالی بات پرنہیں آرہے،لگتا ہے آپ ابھی تک پاناماکوبھولے نہیں،سلمان اکرم راجہ نے شعرسناکرجواب دینے میں عافیت جانی۔

نہ اب وہ یادوں کاچڑھتادریانہ فرصتوں کی اداس برکھا

یونہی ذراسی کسک ہے دل میں جوزخم گہراتھامگربھرگیاوہ

واضح رہے کہ سلمان اکرم پاناما کیس میں نوازشریف کے بچوں کے وکیل رہ چکے ہیں ،وکیل کمپنی علی ظفر نے کہا کہ نیب نے ریفرنس دائرکردیا ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریلوے گالف کلب اراضی کیس کافیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد