رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے جو تقوی، پرہیزگاری اور صبر کا درس دیتا ہے۔ رمضان اللہ کا مہینہ ہے، اسکا مطلب یہ ہے کہ اس مہینہ میں اللہ پاک کی خاص رحمت اور خاص نظر کرم ہم پر ہوتی ہے۔یہ عظیم مہینہ نیکوکاروں کیلئے نیکیوں کا موسم بہار،صالحین کا بازار،اعمال صالحہ اور حسنات کا سیزن ہے،جس طرح ظاہری موسموں میں ایک بہار کا موسم ہوتا ہے اسی طرح روحانی کائنات کا موسم بہار یہ مہینہ ہے۔اس مہینہ میں اللہ پاک کی طرف سے انوار وبرکات کا سیلاب آتا ہے،اور اسکی رحمتیں موسلا دھارباش کیطرح برستی ہیں،اس مہینہ میں شیاطین اور سرکش جنات کو قید کرکے اور روزے جیسے نفس کو کچلنے والے عظیم عمل و شب قدر جیسی بابرکت رات دیکرخدا اپنے بندوں کونیکیوں کے کرنے کا خصوصی موقع عطاکرتا ہے تاکہ امت جہنم کی آگ سے بچ کر جنت میں جانے والے بن جائی ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی این سی 166 میں فہم قرآن و سنت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فہم قرآن و سنت تقریب میاں مقصود احمد، قاری عطاء الرحمن، مولانا عتیق الرحمن، مولانا عبدالرحمن مجاہد، مولانا عبدالقادر، چوہدری عبدالواحد سمیت دیگرذمہ داران نے شرکت کی۔ میاں ذکراللہ مجاہد نے مزید کہا کہ امت مسلمہ قر آن و سنت پر عمل پیرا ہو کر ہی کامیانی حاصل کر سکتی ہے۔
اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے احکامات سے دوری کی وجہ سے آج امت مسلمہ ناکامی کا شکار ہے۔رمضان المبارک ہمیں صبر اور دوسروں کے احساس کرنے درس دیتا ہے۔ اسلام کا پیغام عالم گیر امن کا پیغام ہے رسول پاکؐ کی تعلیمات صحابہ کرام کی زندگیاں فروغ امن کی بہترین مثال ہیں جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیاو آخرت میں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں