سازش کے ذریعے کامیابی کا دورانیہ انتہائی قلیل ثابت ہوگا،ہمایوں اختر

     سازش کے ذریعے کامیابی کا دورانیہ انتہائی قلیل ثابت ہوگا،ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ایوانوں کی سازش کے ذریعے کامیابی کا دورانیہ انتہائی قلیل ثابت ہوگا،جس طرح تحریک انصاف کی مقبولیت بڑھی ہے ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں عمران خان پہلے سے زیادہ اکثریت سے واپس آئیں گے،با شعور عوام ملک کے خلاف ہونے والی سازش پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ وہ سازش کے منصوبے کی تمام کڑیوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ این اے 131کے مرکزی دفتر میں حلقے کے اکابرین اور متحرک کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سازش سے کامیابی حاصل کرنے والے اب تک بغلیں بجارہے ہیں لیکن انہیں آنے والے دنوں میں حالات کا ادراک ہو جائے گا اور ان کی ساری خوشیاں عارضی ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم جانتی ہے کہ عمران خان ایوانوں کی سازش کا شکار ہوئے ہیں لیکن اس کا دورانیہ انتہائی قلیل ہوگا، سازش کر کے اقتدار میں آنے والے یہ بھول جائیں کہ تحریک انصاف اب خاموش ہو جائے گی۔
 بلکہ عمران خان کی قیادت میں قوم کی خود مختاری کیلئے جو لازوال جدوجہد شروع کی گئی ہے اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، پوری قوم کا اصرار ہے کہ عمران خان بلا تاخیر کرپشن کے خلاف اورخود مختاری کی جدوجہد کا بھی آغاز کریں وہ ماضی کی طرح ان کے شانہ بشانہ چلیں گے۔