عمران خان کا ساڑھے 3سالہ دور تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا: عبد القیوم نیازی

عمران خان کا ساڑھے 3سالہ دور تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا: عبد القیوم ...

  

       اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ قائد پاکستان عمران خان کا ساڑھے 3 سالہ دور تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا،عوام عمران خان کے ساتھ ہیں چاہے وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، قائد پاکستان عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں پاکستان کے وقار کو بلند کیا ہے اور دنیا میں پاکستان کو ایک عظیم اور خود دار ملک کے طور پر متعارف کرایا جس کی کوئی مثال ماضی میں نہیں ملتی، عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا اور حقیقی معنوں میں خود کو کشمیریوں کا سفیر ثابت کیا، عمران خان نے بطور وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، صحت کارڈ اور احساس پروگرام کے ذریعے آزاد کشمیر بھر میں بلا تخصیص سروسز فراہم کیں جس کی وجہ سے کشمیری عمران خان کو اپنا محسن سمجھتے ہیں، دنیا بھر میں مقیم کشمیری عمران خان کے خلاف بیرونی سازش پر سیخ پا ہیں، عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنھوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت سے مذاکرات اسی وقت ہو سکتے ہیں جب وہ 5 اگست 2019 سے قبل کی پوزیشن بحال کرے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کو حوصلہ دیا،کشمیری عوام ان سے عقیدت رکھتے ہیں کیونکہ وہ ایک سچے اور کھرے پاکستانی اور عشق رسول ؐ کے جذبے سے سرشار ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ایک عالمی سازش تھی جس کے تانے بانے وقت کے ساتھ ساتھ عوام کے سامنے آشکارہو جائیں گے۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے امید ظاہر کی کہ عمران خان اور تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی قوت بن کر دوبارہ ابھریں گے اور کرپٹ عناصر کو اگلے الیکشن میں شکست فاش ہوگی۔ 

عبدالقیوم نیازی 

مزید :

صفحہ آخر -